میں نے پارٹی میں انیل انٹونی کو اپنی اولاد کی طرح بڑھایا، اب وہ جو زبان بول رہے ہیں اسے سن کر افسردہ ہوں: ششی تھرور

تھرور نے کہا کہ انیل انٹونی کی باتیں سن کر بہت افسوس ہوتا ہے، کانگریس پارٹی میں ایسی روایت نہیں ہے، کاش وہ اپنے والد کے تئیں مزید احترام ظاہر کرتے۔ ان سے پوچھنا چاہئے کہ وہ ایسا کیوں بولتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>انیل انٹونی و ششی تھرور / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

انیل انٹونی و ششی تھرور / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ترواننت پورم سے کانگریس کے موجودہ ایم پی اور پارٹی کے امیدوار ششی تھرور نے کہا ہے کہ انہوں نے اے کے انٹونی کے بیٹے انیل انٹونی کو پارٹی میں اپنے بیٹے کی طرح بڑھایا مگر آج وہ جو زبان بول رہے ہیں اسے سن کر وہ بہت افسردہ ہیں۔ کاش وہ اپنے والد کے تئیں مزید احترام دکھاتے اور محبت سے بات کرتے۔ تھرور ترواننت پورم میں ایک ٹی وی چینل سے بات کر رہے تھے۔

ششی تھرور نے کہا کہ پتھنم تھٹا میں شکست کے بعد انیل انٹونی کو کچھ چیزوں کا احساس ہوگا۔ واضح رہے کہ اے کے انٹونی کے صاحبزادے انیل انٹونی پتھنم تھٹا لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ تھرور نے کہا کہ انیل انٹونی کی باتیں سن کر بہت افسوس ہوتا ہے، کانگریس پارٹی میں ایسی روایت نہیں ہے، کاش وہ اپنے والد کے تئیں مزید احترام ظاہر کرتے۔ یہ انہیں طے کرنا ہے اور آپ کو ان سے پوچھنا ہے کہ وہ ایسا کیوں بولتے ہیں۔ واضح رہے کہ انیل انٹونی نے اپنے والد کی سیاست کو گھسی پٹی سیاست قرار دیتے ہوئے توہین آمیز رویہ اختیار کیا تھا۔


ترواننت پورم سے مسلسل چوتھی جیت کا ارادہ رکھنے والے کانگریس کے امیدوار ششی تھرور نے کہا کہ حالات وہی ہیں جو 2019 یا اس سے قبل کے انتخابات میں تھے۔ اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے ہی درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کے لیے یہ میرا آخری الیکشن ہے، لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ میں سیاست چھوڑ دوں گا، میں یہیں رہوں گا۔ تھرور نے کہا کہ مجھے اپنی جیت کا یقین ہے۔ واضح رہے کہ ششی تھرور کا مقابلہ مرکزی وزیر مملکت راجیو چندر شیکھر اور سابق ایم پی اور سی پی آئی کے سینئر لیڈر پنین رویندرن سے ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔