’کانگریس حکومت میں کسانوں کا قرض معاف ہوگا، زرعی آلات جی ایس ٹی سے آزاد ہوں گے، ایم ایس پی کی قانونی گارنٹی ہوگی‘
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کسانوں کے معاملہ میں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کانگریس کی حکومت برسراقتدار آتی ہے تو کسانوں کو کیا سہولیات فراہم ہوں گی
نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کسانوں کے معاملہ میں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کانگریس کی حکومت برسراقتدار آتی ہے تو کسانوں کو کیا سہولیات فراہم ہوں گی۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت میں ایک لاکھ سے زیادہ کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر ایم ایس پی کی گارنٹی بھی دی جائے گی اور کسانوں کا قرض بھی معاف ہوگا۔
پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’آج ملک میں ہر دن 30 کسان خودکشی کر رہے ہیں۔ بی جے پی کی حکومت کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ کسان خودکشی کر چکے ہیں۔ زراعت میں استعمال ہونے والی ضروری چیزوں اور آلات پر جی ایس ٹی وصول کیا جا رہا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’10 سال میں نہ کسانوں ایم ایس پی ملا، نہ آمدنی دوگنی ہوئی۔ قرض کے تلے دبے کسانوں کا ایک پیسہ معاف نہیں کیا گیا لیکن چند صنعت کاروں کے 16 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دئے گئے!‘‘
پرینکا گاندھی نے ملک کے کسانوں نے وعدہ کرتے ہوئے کہا، ’’کانگریس حکومت میں کسانوں کا قرض معاف ہوگا۔ زرعی آلات جی ایس ٹی سے پاک ہوں گے۔ ایم ایس پی کی قانونی گارنٹی ہوگی۔ فصلوں کے نقصان پر 30 دن میں معاوضہ حاصل ہوگا۔ نئی درآمد برآمد پالیسی تیار کی جائے گی۔‘‘
ایک دیگر پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے کہا، ’’کانگریس کی حکومت نے کسانوں کا 72000 کروڑ کا قرض معاف کیا تھا۔ کانگریس پھر آئے گی۔ ایم ایس پی کی گارنٹی، قرض معافی اور بہتر آمدنی کے ساتھ خوشحالی لائے گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔