کیجریوال حکومت ’جھاگ‘ چھپانے کے لیے یمنا ندی میں زہریلے کیمیکل کا کر رہی چھڑکاؤ، کانگریس نے پولیس میں شکایت درج کرائی

چودھری انل کمار نے کہا کہ ہر سال چھٹھ سے قبل وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے اعلانات کے باوجود یمنا صاف نہیں ہونے کے سبب آلودہ اور زہریلے پانی میں ہی پوروانچلی عقیدتمندوں کو چھٹھ پوجا کرنی پڑتی ہے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

قومی آواز بیورو

دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے چھٹھ تہوار سے قبل آج دہلی کی کیجریوال حکومت کے ذریعہ یمنا ندی میں امونیا فاسفورس کے جھاگ کو چھپانے کے لیے زہریلے کیمیکل کا چھڑکاؤ کرنے کی شکایت دہلی کے پولیس کمشنر سے پولیس ہیڈکوارٹر پہنچ کر کی۔ تحریری شکایت دیتے وقت چودھری انل کمار کے ساتھ پوروانچل کے لوگوں کا ایک نمائندہ وفد بھی تھا۔ نمائندہ وفد میں تاپس جھا، پردیپ پانڈے، وویک دوبے، پی کے مشرا، دیپک مشرا، راجیش یادو، مکیش پال اور دہلی کانگریس کے قانونی مشیر و انسانی وسائل محکمہ کے ریاستی کنوینر و وکیل ساجد چودھری بھی شامل تھے۔

اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ 8 سالوں سے ہر سال چھٹھ تہوار سے قبل وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے اعلانات کے باوجود یمنا صاف نہیں ہونے کے سبب آلودہ اور زہریلے پانی میں ہی پوروانچلی عقیدتمندوں کو چھٹھ پوجا کرنی پڑتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کیجریوال دہلی کے 50 لاکھ پوروانچلیوں سے ووٹ لینا چاہتے ہیں، لیکن ان کے سب سے بڑے چھٹھ تہوار کی تیاریوں کو لے کر پوری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ راجدھانی میں کثیر ثقافت والے ملک بھر کے لوگوں کو اپنے تہوار منانے کے لیے پوری طرح آزادی حاصل ہے اور انھیں سہولت دی جانی چاہیے۔ انل چودھری نے کہا کہ کیجریوال نے وعدہ کیا تھا کہ یمنا کو اتنا صاف کر دیں گے کہ دہلی کے باشندے اس میں ڈبکی لگا سکیں گے، لیکن کیجریوال یمنا صفائی کو لے کر اپنا وعدہ بھول گئے ہیں۔


دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال اپنی اسٹنٹ بازی کی سیاست کے سبب یمنا ندی میں امونیا کے جھاگ کو چھپانے کے لیے زہریلے کیمیکل کا چھڑکاؤ کر کے پوروانچل کے لوگوں کے عقیدہ کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔ جہاں چھٹھ پوجا پر ڈبکی لگانے والے عقیدتمند زہریلے پانی سے صد فیصد متاثر ہوں گے، وہیں یمنا میں پرورش پا رہی مخلوقات کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یمنا میں ہریانہ حکومت سے پانی کے لیے کوئی مثبت کوشش نہیں کی ہے اور گزشتہ 8 سالوں سے کیجریوال بدلے کی سیاست کے تحت دہلی کو پانی دلانے میں پوری طرح ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے دہلی میں پوروانچل کے لوگوں کو ہر سال بدبودار، گندہ اور آلودہ یمنا میں چھٹھ پوجا کو انجام دینا پڑتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔