کٹھوعہ میں ملی ٹینٹوں کا حملہ: سیکورٹی کی حوالے سے اپوزیشن کی بی جے پی حکومت پر سخت تنقید
عمر نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے غفلت برتی جا رہی ہے۔ حالات روز بروز خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ اس کا ذمہ دار آخر کون ہے؟ حکومت نے بڑھ چڑھ کر اسٹرائک کا دعویٰ کیا لیکن ملی ٹینٹوں کے حملے بند نہیں ہوئے
جموں و کشمیر کے کٹھوعہ میں ہوئے ملی ٹینٹوں کے حملے پر اپوزیشن بی جے پی حکومت کے طریقۂ کار پر سوال کھڑا کر رہا ہے۔ اس ضمن میں نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے حکومت پر غفلت برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کے علاوہ کانگریس اور سماجوادی پارٹی نے بھی حکومت پر براہ راست حملہ کیا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا ہے کٹھوعہ میں ملی ٹینٹوں کے حملے پر پر بی جے پی سے سوال کیا جانا چاہئے۔ بی جے پی کا دعویٰ تھا کہ ملی ٹینسی آرٹیکل 370 سے جڑی ہوئی ہے اور آرٹیکل 370 ختم ہونے کے ساتھ ہی اس طرح کے واقعات بھی ختم ہو جائیں گے۔ جبکہ ہمارا کہنا تھا کہ ملی ٹنسی اور آرٹیکل 370 کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ آرٹیکل 370 ہٹانے کا ملی ٹنسی کے واقعات پر کوئی اثر نہیں ہوا۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے غفلت برتی جا رہی ہے۔ حالات روز بروز خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ اس کا ذمہ دار آخر کون ہے؟ جوابی حملے سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا فیصلہ ہے۔ لیکن ہم نے پہلے بھی اسٹرائک کی تھی، کیا حملے رک گئے؟ حکومت نے بڑھ چڑھ کر بالاکوٹ پر اسٹرائک کا دعویٰ کیا لیکن ملی ٹنسی کے واقعات نہیں رکے۔
اس معاملے پر سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے اسے انٹیلی جنس کی ناکامی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں کشمیر میں سرحدوں کے بارے میں جتنا محتاط ہونا چاہئے تھا، جتنے انفراسٹرکچر کے پروجیکٹ ہونے چاہئے تھے، وہ نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا انٹیلی جنس ناکام ہوا ہے جس کی وجہ سے سیکورٹی خطرے میں پڑ گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرحد کی سیکورٹی خطرے میں ہے۔
کانگریس نے ملی ٹینٹوں کے حملے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے بی جے پی پر اس معاملے میں جھوٹ بولنے کا الزام لگایا ہے۔ کانگریس لیڈر ادت راج نے کہا ہے کہ بی جے پی کہتی تھی کہ کشمیر میں ملی ٹنسی ختم ہو گئی ہے۔ مگر اب یہ ملی ٹنسی جموں میں داخل ہو چکی ہے اور کشمیر کی حالت پہلے سے ہی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملی ٹنسی کے واقعات پر صرف جھوٹ بولتی ہے۔ بی جے پی صرف الیکشن میں لگی رہتی ہے، اس لیے ان کو کچھ نہیں پتہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ جموں خطہ میں ایک ماہ میں ملی ٹنسی کے پانچ واقعات سامنے آئے ہیں۔ 8 جولائی کو ملی ٹینٹوں نے کٹھوعہ میں فوج کے قافلے پر حملہ کیا۔ اس حملے میں پانچ فوجی شہید اور پانچ دیگر فوجی زخمی ہو گئے۔ ملی ٹینٹوں کے حملے کے بعد فوج ایکشن موڈ میں آ گئی اور تین روز سے پورے علاقے میں سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔