کشمیر: ’ہمیں ہال کی صفائی خود ہی کرنی پڑتی ہے‘ کوارنٹائن کیے گئے لوگوں کا الزام

کوارنٹائن سینٹر میں رکھے گئے لوگوں کے ایک گروپ نے فون پر یو این آئی ارود کو بتایا کہ ہم یہاں مصیبت میں ہیں، کھانا تو اچھا ملتا ہے لیکن صفائی کا کوئی انتظام ہی نہیں ہے، ہم یہاں خود ہی صفائی کرتے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: انڈور اسٹیڈیم سری نگر میں قائم ایک قرنطینہ مرکز میں رکھے گئے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمارے کوارنٹائن سینٹر میں صحت و صفائی کا کوئی انتظام ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے ہمیں یہاں مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا ڈر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خود یہاں صفائی کرتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ہمیں یہاں کوارنٹائن کے لئے نہیں بلکہ صفائی کرنے کے لئے لایا گیا ہے۔

مذکورہ کوارنٹائن سینٹر میں رکھے گئے لوگوں کے ایک گروپ نے فون پر یو این آئی ارود کو بتایا کہ ’ہم یہاں مصیبت میں ہیں، کھانا اچھا تو ملتا ہے لیکن یہاں صفائی کا کوئی انتظام ہی نہیں ہے، ہم یہاں خود ہی صفائی کرتے ہیں جس کے لئے ہم لوگ اپنے اپنے گھروں سے ہی سامان لائے ہیں‘۔


ایک شخص نے بتایا کہ جس ہال میں ہم کو رکھا گیا ہے اس کی ہم خود ہی صفائی کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’جس ہال میں ہمیں رکھا گیا ہے ہم اس کی خود ہی صفائی کرتے ہیں ہمیں سمجھ میں ہی نہیں آتا ہے کہ ہمیں یہاں کوارنٹائن کیا گیا ہے یا صفائی کرنے کے لئے لایا گیا ہے‘۔

موصوف نے بتایا کہ ہم یہاں قریب سوا سو لوگ ہیں ہمارے ساتھ یہاں خواتین اور بچے بھی ہیں یہاں صرف چار بیت الخلا ہیں اور وہ بھی اتنے گندے ہیں کہ قے آجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک صفائی والے کو پہلے لایا گیا تھا لیکن وہ بھی بعد میں غائب ہوگیا۔ موصوف نے بتایا کہ ہم نے یہ معاملہ یہاں کے ایک منتظم کی نوٹس میں لایا لیکن کوئی عملی کارروائی ہی نہیں ہوئی۔


انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کی طرف سے یہاں کوئی آنے کی زحمت ہی گوارا نہیں کرتا ہے، ان کے نوٹس میں یہ معاملہ آئے اس لئے ہم نے سوشل میڈیا پر یہاں کی صحت و صفائی کے فقدان کی تصاویر ڈالی تھیں تاکہ کوئی ان تصاویر کو دیکھ کر ہماری طرف توجہ مبذول کرے، لیکن اس کا بھی فی الوقت کوئی اثر دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔