کشمیر: سری نگر میں رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات رہی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سری نگر: وادی کشمیر میں گرچہ خشک موسم ہے لیکن سردی کا زور برابر جاری ہے اور سری نگر میں گزشتہ شب رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات رہی۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں نومبر کے آخر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران 24 اور 25 نومبر کو موسم قدرے خراب رہنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مسلمان لیڈر بنانے کے بجائے خود بنیں لیڈر: اویسی
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات رہی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا وادی میں پیر کے روز بھی موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی اور انتہائی نحیف دھوپ بھی چھائی رہی۔ سردی سے بچنے کے لئے لوگ گرم لباس زیب تن کرنے کے علاوہ دفاتر، دکانوں اور کام کی دوسری جگہوں پر گرمی کرنے کے لئے الیکٹرانک آلات جیسے ہیٹروں کا استعمال کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔