کشمیر: پولیس اہلکار سے بندوق چھیننے والا شخص ہلاک

سرکاری ذرائع کے مطابق محمد امین نے بدھ کے روز امجد احمد نامی ایک ایس او جی اہلکار سے اس کی بندوق چھینی اور فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔

کشمیر کے شوپیاں میں تصادم / فائل تصویر
کشمیر کے شوپیاں میں تصادم / فائل تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ترال میں جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کے ایک کیمپ میں مبینہ طور پر پولیس اہلکار سے بندوق چھین کر فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو 'خود سپردگی کی پیشکش' مسترد کرنے کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ناگہ بل ترال کے رہنے والے محمد امین ملک نامی سابق ملی ٹنٹ کو کچھ روز قبل گرفتار کر کے ایس او جی کیمپ میں بند کیا گیا تھا، جہاں اس سے کسی معاملے پر پوچھ گچھ جاری تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق محمد امین نے بدھ کے روز امجد احمد نامی ایک ایس او جی اہلکار سے اس کی بندوق چھینی اور فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔


انہوں نے بتایا کہ ایس او جی اہلکار کو زخمی کرنے کے بعد محمد امین نے کیمپ میں واقع جنریٹر روم میں پناہ لی۔ ایک رپورٹ میں کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جنریٹر روم میں پناہ لینے والے شخص کو خود سپردگی پر آمادہ کرنے کے لئے اس کے خاندان کے اراکین بشمول والدہ کو جائے موقع پر لایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا ہے کہ 'خود سپردگی اختیار کرنے کے بجائے مذکورہ شخص نے فائرنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ آج صبح جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا۔ ہم نے اسے خود سپردگی اختیار کرنے کی بار بار پیشکش کی اور اسے بہت وقت بھی دیا'۔ مقامی میڈیا کے مطابق محمد امین کا بھائی شبیر ملک بھی ایک ملی ٹنٹ تھا جو 2019 میں مارا گیا۔ وہ ذاکر موسیٰ کی قیادت والے انصار غزوۃ الہند نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔