کشمیر: سری نگر اور دیگر میدانی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری

گرمائی دارلحکومت سری نگر اور وادی کشمیر کے دوسرے میدانی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی جس سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

<div class="paragraphs"><p>یو این آئی</p></div>

یو این آئی

user

یو این آئی

سری نگر: گرمائی دارلحکومت سری نگر اور وادی کشمیر کے دوسرے میدانی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی جس سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ وادی کے میدانی علاقوں میں بدھ کی شام بارشوں کے ساتھ برف باری شروع ہوئی جو جعمرات کی صبح تک جاری رہی اور جب سری نگر اور دوسرے میدانی علاقوں میں لوگ صبح کے وقت گھروں سے باہر نکلے تو برف کی چادر بچھی ہوئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں 2 انچ برف جمع ہوئی ہے جبکہ قصبہ اننت ناگ میں 4 انچ، قاضی گنڈ میں 9 انچ، پہلگام میں 10 انچ، قصبہ پلوامہ میں 2 انچ، قصبہ کولگام میں 3 انچ، قصبہ شوپیاں میں 4 انچ، قصبہ بارہمولہ میں 3 انچ، قصبہ کپوارہ میں 4 انچ اور گلمرگ میں 14 انچ برف جمع ہوئی ہے۔


انہوں نے کہا کہ وادی کے پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ سری نگر میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہے گرچہ قبل ازیں سری نگر میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔ سری نگر اور دیگر اضلاع کے میدانی علاقوں میں برف باری سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے خاص طور پر کسانوں کی جان میں جان آ گئی ہے۔

اعجاز احمد نامی ایک باغ مالک نے بتایا: 'یہ برف باری نہیں بلکہ ہماری زندگی ہے، ہمارے باغ زندہ ہوئے ہیں اور یہ ہمارے لئے باعث خوشی ہے'۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں برف باری نہیں ہوگی تو اس کے کئی شعبوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر برف باری کے لئے بھی دنیا میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے اور برف باری سے اس کی خوبصورتی مزید نکھرتی ہے۔ سری نگر کے فیاض احمد نامی ایک شہری نے بتایا: بالآخر لوگوں کی دعائیں اور نمازیں رنگ لائیں اور برف باری ہوئی جس سے ہر سو خوشی کا ماحول چھا گیا'۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں برف باری کے بغیر کشمیر میں مزہ ی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پانی کی قلت بھی دور ہوگی اور ہمارے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا رش بھی بڑھ جائے گا جس سے مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ لوگوں کا روز گار بڑھ جائے گا۔


وادی میں رواں سیزن کا ٹھٹھرتی سردیوں کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلان کا بیشتر حصہ خشک رہا گرچہ اس کے آخری ایام کے دوران پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوئی تاہم میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہی ہوئیں۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں جمعرات کو دوپہر کے بعد موسم میں بتدیرج بہتری واقع ہوگی تاہم اس دوران موسم ابر آلود رہے گا اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا بھی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 2 فروری کو موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا تاہم پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 3 اور 4 فروری کو بھی پہاڑی علاقوں مین کہیں کہیں برف باری کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں 5 سے 12 فروری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ ادھر سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔