ممبئی میں مکانات کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ، جنوری نے 6 سال کا ریکارڈ توڑ دیا
مارکیٹ میں تیزی اور قیمتوں میں اضافے کے خوف سے صارفین موجودہ وقت کو جائیداد خریدنے کے لیے بہتر تصور کر رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ اب لگژری اور نیم لگژری گھروں میں بھی لوگوں کی دلچسپی کافی بڑھ رہی ہے
ممبئی: رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے رواں سال نہایت منافع بخش ثابت ہو رہا ہے۔ اس سیکٹر نے 2023 میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن 2024 شروع ہوئے ابھی ایک ماہ ہی گزرا ہے کہ مکانات کے فروخت کے معاملے میں گزشتہ 6 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ ممبئی میں جنوری یعنی کہ محض ایک ماہ کے اندر اتنے مکانات فروخت کیے ہیں کہ گزشتہ 6 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ مکانات کے فروخت میں اضافے سے حکومت کے خزانے میں 707 کروڑ روپئے سے زائد جمع ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ 31 دنوں میں 10933 جائیدادوں کے رجسٹریشن ہوئے ہیں جس سے حکومت کو 757 کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی ہوئی ہے۔ جنوری 2024 سے پہلے جنوری 2021 میں 10411 جائیدادوں کا اندراج کیا گیا تھا۔ جنوری 2021 میں گھروں کی فروخت کی تعداد 10 ہزار تک پہنچنے کی بڑی وجہ کورونا وبا کے دوران حکومتی نرمی تھی۔ 10411 جائیدادوں کے رجسٹریشن کے بعد بھی حکومت کو 305 کروڑ روپے کا ریونیو ملا تھا۔ اس کے ساتھ ہی حکومت کو جنوری 2021 کے مقابلے میں پچھلے مہینے مکانات کی فروخت سے دگنی سے زیادہ آمدنی ہوئی ہے۔
مکانات کی فروخت میں اضافے کی وجہ سے حکومت نے گزشتہ جنوری کے مقابلے اس جنوری میں 65 کروڑ روپے زیادہ کمائے ہیں۔ جنوری 2023 میں جائیداد کی رجسٹریشن سے 692 کروڑ روپے کی آمدنی سرکاری خزانے میں جمع ہوئی تھی، جبکہ اس ماہ 757 کروڑ روپے موصول ہوئے ہیں۔ اجمیرا ریئلٹی کے ڈائریکٹر دھول اجمیرا کے مطابق گزشتہ کئی سالوں کے جنوری کے مقابلے اس جنوری میں سب سے زیادہ مکانات فروخت ہوئے ہیں۔ سال کا آغاز ریکارڈ فروخت کے ساتھ ہوا ہے۔ انفراسٹرکچر پروجیکٹس اور صارفین کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد کی وجہ سے اس سال مزید کئی ریکارڈ ٹوٹنے والے ہیں۔ بھیرو گروپ کے چیئرمین مدن جین کے مطابق 2023 کے آغاز سے مارکیٹ میں استحکام ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔