کشمیر: سردیوں کے بادشاہ ’چلہ کلان‘ کے پہلے دن موسم خشک

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ کے پہلے روز پیر کو موسم نہ صرف خشک رہا بلکہ دن میں بیشتر اوقات آفتاب بھی نمودار ہوا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 27 دسمبر کو موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس سے برف وباراں متوقع ہے۔ ادھر چلہ کلان کے مزاج اور لوگوں کی امیدوں کے برعکس وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے اور گرمائی دارلحکومت سری نگر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب کا درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔


لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 20.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بتادیں کہ وادی کشمیر میں چالیس دنوں پر محیط سردیوں کے بادشاہ سے مشہور ’چلہ کلان‘ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پوری آب وتاب کے ساتھ اپنے چالیس روزہ تختہ اقتدار پر براجمان ہوگیا اور اس کے استقبال کے لئے گزشتہ ایک ہفتے سے شدید سردیوں نے ڈھیرہ ڈال دیا ہے۔

چلہ کلان کا دور اقتدار دسمبر کی 21 تاریخ سے شروع ہو کر ماہ جنوری کی 31 تاریخ کو اختتام پذیر ہوگا۔ اپنے چالیس روزہ دور اقتدار میں ’چلہ کلان‘ طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرکے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کردیتا ہے۔ چلہ کلان کے بعد چلہ خورد بیس دنوں تک تختہ اقتدار پر براجمان ہوتا ہے لیکن اس دوران سردیوں کی شدت میں وہ تیزی نہیں ہوتی ہے جو چلہ کلان کے دوران ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔