کشمیر: 40 روزہ ’چلہ کلان‘ کے آخری مرحلے میں ٹھٹھرتی سردیوں کا دور جاری، آبی ذخائر منجمد

اہلیان وادی کا ماننا ہے کہ چلہ کلان نے رواں سیزن کے دوران برسوں بعد اپنی بھر پور طاقت کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کر دیا۔ چلہ کلان کا دور حکومت 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔

کشمیر سردی / تصویر یو این آئی
کشمیر سردی / تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ کے آخری مرحلے کے دوران بھی ٹھٹھرتی سردیوں کا زور تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے باعث اہلیان وادی گونا گوں مشکلات سے دو چار ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 22 جنوری کی رات سے 23 جنوری کی شام تک تازہ برف باری ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ محکمہ کا کہنا ہے کہ وادی میں اس تازہ برف باری سے زمینی و فضائی ٹرانسپورٹ متاثر ہوسکتا ہے۔ دریں اثنا وادی کشمیر میں اگرچہ جمعرات کو بھی موسم خشک بھی رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی، لیکن شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے درج ہونے سے ٹھٹھرتی سردیوں کا زور برابر قائم رہا جس سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔


وادی میں شدید سردیوں کے باعث نہ صرف آبی ذخائر بشمول جھیل ڈل کی سطح کئی روز سے مسلسل منجمد ہیں بلکہ مساجد، خانقاہوں، پبلک غسل خانوں یہاں تک کہ گھروں میں نصب نل اور پانی کی ٹینکیوں میں بھی پانی جم گیا ہے جس کے باعث شہر و گام میں لوگ پانی کی شدید قلت سے دو چار ہیں۔

جھیل ڈل کی منجمد سطح اگرچہ سیاحوں کے لئے تفریح کا سامان بن گئی ہے اور بلوارڈ روڈ کے کناروں سے ہی انہیں اس منجمد سطح کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے لیکن ڈل میں رہائش پذیر لوگ گوناگوں مشکلات سے دو چار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی درالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


بتادیں کہ سری نگر میں 14 جنوری کی شب نہ صرف رواں موسم سرما کی سرد ترین شب درج ہوئی تھی بلکہ سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا تھا جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کشمیر کے شہرہ دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کی حکومت کا آخری مرحلہ چل رہا۔


اہلیان وادی کا ماننا ہے کہ چلہ کلان نے رواں سیزن کے دوران برسوں بعد اپنی بھر پور طاقت کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کر دیا۔ چلہ کلان کا دور حکومت 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا اور اس کے بعد 20 روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا تاہم چلہ خورد میں سردیوں کے زور میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔