وزیر اعظم مودی بھی لگوائیں گے کورونا کا ٹیکہ، دوسرے مرحلہ کی ٹیکہ کاری سے قبل اہم اعلان
ٹیکہ کاری کے دوسرے مرحلہ میں وزیر اعظم مودی اور تمام وزرائے اعلیٰ کو کورونا کا ٹیکہ لگے گا۔ دوسرے مرحلہ میں 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ٹیکہ دیا جانا ہے
نئی دہلی: ملک بھر میں ٹیکہ کاری کی مہم زور و شور سے جاری ہے اور پہلے مرحلہ کے تحت تمام طبی اہلکاروں کو ٹیکہ لگایا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، دوسرے مرحلہ کی ٹیکہ کاری سے قبل اہم اعلان کیا گیا ہے کہ اس مرحلہ میں وزیر اعظم نریندر مودی اور تمام وزرائے اعلیٰ بھی ٹیکہ لگوائیں گے۔
دوسرے مرحلہ کی ٹیکہ کاری میں 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ٹیکہ دیا جانا ہے۔ آج تک کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ میں کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے دوسرے مرحلہ میں ان سبھی کی ٹیکہ کاری کرا دی جائے گی، جو 50 سے زیادہ عمر کے ہوں گے۔
اس طرح تمام ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی جو 50 سال سے زیادہ عمر کے ہیں، ان سبھی کو دوسرے مرحلہ میں ٹیکہ لگایا جائے گا۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں جاری پہلے مرحلہ کی ٹیکہ کاری کے دوران 7 لاکھ سے زیادہ طبی اہلکار ٹیکہ لگوا چکے ہیں۔ طبی اہلکاروں کی ٹیکہ کاری کے بعد ویکسینیشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔ دوسرے مرحلہ میں 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے ساتھ فوج اور نیم فوجی دستوں کے اہلکاروں کو بھی ٹیکہ لگایا جائے گا۔
مرکزی حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کس مرحلہ میں کسے ویکسین دی جانی ہے، یہ پوری طرح سے ریاستی حکومت پر منحصر ہے۔ اتر پردیش، راجستھان جیسی ریاستیں تیزی سے ہدف کو پورا کرنے کی کوشش میں ہیں جبکہ دہلی اور پنجاب جیسی ریاستوں کے طبی اہلکار ٹیکہ لگوانے سے گریز کر رہے ہیں۔ ایسے اہلکاروں کو سمجھایا بھی جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ہندوستان میں اب تک دو ویکسینوں ’کووی شیلڈ‘ اور ’کوویکسین‘ کو منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چار اور ویکسینوں پر کام چل رہا ہے اور گزشتہ دنوں ’نیزل ویکسین‘ کو بھی ٹرائل کے لئے منظوری فراہم کر دی گئی۔ ادھر ہندوستان میں کورونا کا اثر کم ہوتا نظر آ رہا ہے، اموات بھی کم ہو رہی ہیں اور نئے کیسز بھی کم درج ہو رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Jan 2021, 11:41 AM