کشمیر: خشک موسم کے بیچ برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 7 اور 8 دسمبر کو درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے جس سے سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل متاثر ہوسکتی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں 4 اور 5 دسمبر کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری ہوسکتی ہے جبکہ 7 اور 8 دسمبر کو درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔

ادھر جنوبی کشمیر کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر نو روز کے بعد بدھ کو یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہوئی جبکہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔


وادی کشمیر میں جمعرات کو موسم خشک مگر ابر آلود رہا اور آفتاب نے بھی دن میں کئی بار بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کامیاب کوششیں کیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جمعرات کو موسم خشک رہے گا تاہم جمعے کی شام کو وادی کشمیر اور زوجیلا پاس پر ہلکے درجے کی برف باری متوقع ہے۔ ہلکی برف باری کا یہ سلسلہ 5 دسمبر کو بھی جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 7 اور 8 دسمبر کو درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے جس سے سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل متاثر ہوسکتی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے مطابق گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 0.8 سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں 0.4 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم سے درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر نو روز بعد بدھ کو یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل بحال ہوئی۔


ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ مغل روڈ پر جمع کئی فٹ برف کو ہٹایا گیا ہے جس کے بعد بدھ کے روز اس کو یک طرفہ ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ روڈ پر فی الوقت صرف مال بردار گاڑیوں کو صبح کے گیارہ بجے سے شام کے چار بجے تک چلنے کی اجازت ہے۔

وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والے سری نگر – جموں قومی شاہراہ اور وادی کو لداخ کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ یک طرفہ ٹریفک کے لئے کھلی ہی ہیں۔ تاہم سری نگر – جموں قومی شاہراہ رواں ماہ کے ہر جمعے کو مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔