کشمیر: کپوارہ میں ایل او سی پر گولہ باری سے زخمی ہونے والا شہری دم توڑ گیا

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کرناہ سیکٹر میں گزشتہ ہفتے زخمی ہونے والے عام شہری نے جمعرات کی صبح یہاں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں دم توڑ دیا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میں گزشتہ ہفتے ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں زخمی ہونے والا ایک اور عام شہری جمعرات کی صبح یہاں ایک اسپتال میں دم توڑ گیا۔ بتادیں کہ کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میں ایل او سی پر گزشتہ جمعے کو ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چھ عام شہری زخمی ہوگئے تھے جن میں سے ایک کی بعد میں موت واقع ہوگئی تھی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کرناہ سیکٹر میں گزشتہ ہفتے زخمی ہونے والے عام شہری نے جمعرات کی صبح یہاں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں دم توڑ دیا۔ انہوں نے مہلوک کی شناخت محمد یعقوب میر ولد برکت اللہ میر ساکن کچاڈیہ باغ بلا کے بطور کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مہلوک سکمز میں زیر علاج تھا لیکن سر میں شدید چوٹیں لگنے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکا۔


قابل ذکر ہے کہ سال 2003 میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے اور سال رواں کے اوائل سے پھوٹنے والی کورونا وبا کے باوجود بھی طرفین کے درمیان بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر نوک جھونک کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے باعث آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا دو بھر ہو کے رہ گیا ہے۔

سرکاری اعداد شمار کے مطابق سال رواں کے دوران اب تک سرحد پر فائرنگ یا گولہ باری کے تبادلے کے تقریباً پچیس سو واقعات رونما ہوئے ہیں جبکہ محض گزشتہ تین ہفتوں کے دوران جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے کم از کم چار درجن واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔