کرناٹک: بدعنوانی کے معاملے میں یدی یورپا کے خلاف جانچ کا فیصلہ، خصوصی عدالت نے لوک آیکت پولیس کو جاری کیا حکم

سماجی کارکن ٹی جے ابراہم نے الزام عائد کیا ہے کہ یدی یورپا نے شیل کمپنیوں کے ذریعہ مالی فائدہ کے بدلے رام لنگم کنسٹرکشن کو ایک بی ڈی اے رہائشی پروجیکٹ پیش کیا تھا۔

بی ایس یدی یورپا، تصویر آئی اے این ایس
بی ایس یدی یورپا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کرناٹک میں اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کے خلاف معاملوں کے لیے تشکیل خصوصی عدالت نے بدھ کے روز بی جے پی لیڈر بی ایس یدی یورپا کو جھٹکا دیتے ہوئے لوک آیکت پولیس کو ان کے خلاف بدعنوانی کا معاملہ درج کرنے اور وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے اقتدار کے غلط استعمال کے الزامات کی جانچ کرنے کا حکم دیا۔

سماجی کارکن ٹی جے ابراہم نے الزام عائد کیا ہے کہ یدی یورپا نے مبینہ طور پر شیل کمپنیوں کے ذریعہ سے زبردست مالی فائدہ کے بدلے رام لنگم کنسٹرکشن کو ایک بی ڈی اے رہائشی پروجیکٹ پیش کیا تھا۔ اسی معاملے میں آج عدالت کا یہ فیصلہ آیا ہے۔ ابراہم نے پہلے یدی یورپا، ان کے بیٹے بی وائی وجیندر، کوآپریٹو وزیر ایس ٹی سوم شیکھر اور چھ دیگر کے خلاف جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے ذیلی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ حالانکہ خصوصی عدالت نے گورنر سے پیشگی اجازت نہ ہونے پر عرضی خارج کر دی تھی۔


اس کے بعد ٹی جے ابراہم نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی جس نے خصوصی عدالت کو اس معاملے پر پھر سے غور کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس فیصلے کے بعد یدی یورپا نے کہا کہ الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے، ارو وہ عدلیہ میں مکمل یقین رکھتے ہیں، اور جانچ میں بے قصور ثابت ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ میرے خلاف سازش ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔