بنگال میں تشدد کے لیے بی جے پی نے دوسری ریاستوں سے بلوائے غنڈے، آگ لگانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا: ممتا بنرجی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ قانون ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرے گا جو تشدد کرنے اور پولیس گاڑیوں کو آگ لگانے کے لیے ذمہ دار ہیں۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کے روز الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے منگل کے روز ریاستی سکریٹریٹ نبنّا تک اپنے مارچ کے دوران جو ہنگامہ کیا، اس کے لیے اس نے دوسری ریاستوں سے غنڈے بلوائے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں آگ کے اسلحوں اور بموں کے ساتھ تحریک چلانے والے لوگوں کو برداشت نہیں کروں گی۔‘‘
ممتا بنرجی نے مشرقی مدناپور ضلع میں ایک ایڈمنسٹریٹو جائزہ میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی اس ہنگامے میں شامل ہونے کے لیے لوگوں کو ٹرینوں کے ذریعہ لے کر آئی۔ یہاں تک کہ دوسری ریاستوں سے بھی غنڈے لائے گئے، جنھوں نے اینٹ پتھر اور بم پھینکے، جس میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔‘‘
ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ قانون ان لوگوں کے خلاف اپنی کارروائی کرے گا، جو پریشانی پیدا کرنے اور پولیس گاڑیوں کو آگ لگانے کے لیے ذمہ دار تھے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ آئندہ درگا پوجا تہوار سے ٹھیک پہلے منگل کو ہوئے تشدد سے کولکاتا میں کاروباریوں کو زبردست نقصان ہوا ہے۔
واضح رہے کہ منگل کے روز کولکاتا میں بی جے پی کے سکریٹریٹ مارچ کے دوران پولیس کے ذریعہ روکے جانے پر بی جے پی لیڈران و کارکنان مشتعل ہو گئے تھے، جس کے بعد انھوں نے کولکاتا کی سڑکوں پر خوب ہنگامہ کیا۔ اس دوران بی جے پی کارکنان نے ایک پولیس افسر کو دوڑا دوڑا کر لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹا اور ایک پولیس گاڑی میں توڑ پھوڑ کر اسے آگ کے حوالے کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔