کرناٹک میں حجاب پہن کر کالج پہنچی 6 طالبات معطل، 12 گھر واپس بھیجی گئیں

حجاب سے متعلق گائیڈلائنس کی بار بار خلاف ورزی کرنے پر اپیننگڈی گورنمنٹ پری-یونیورسٹی کالج کی چھ طالبات کو معطل کر دیا گیا ہے۔

حجاب تنازعہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
حجاب تنازعہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کرناٹک کے جنوبی کنڑ ضلع میں افسران نے کئی بار تنبیہ کے باوجود حجاب پہننے پر جمعرات کو ایک کالج کی چھ طالبات کو معطل کر دیا اور دوسرے کالج میں 12 طالبات کو کلاس سے واپس گھر بھیج دیا گیا۔ حجاب گائیڈلائنس کی بار بار خلاف ورزی کرنے پر اپیننگڈی گورنمنٹ پری-یونیورسٹی کالج کی چھ طالبات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ کالج کے پرنسپل نے کالج کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد حجاب والی طالبات کو معطل کرنے کا فیصلہ لیا۔

معطل 6 طالبات کو سرکاری حکم اور کلاسز میں حجاب پہننے پر روک لگانے والے ہائی کورٹ کے فیصلے کی جانکاری دی گئی۔ دوسرے واقعہ میں ہمپناکٹے کے پاس منگلورو یونیورسٹی کالج کے پرنسپل نے حجاب پہن کر آئیں 16 طالبات کو کلاس میں جانے کی اجازت نہیں دی اور انھیں گھر واپس بھیج دیا۔


کالج کے افسران نے بتایا کہ سنڈیکیٹ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اس سے پہلے بدھ کو طالبات ضلع کمشنر کے دفتر گئی تھیں اور حجاب پہن کر کلاس میں داخل نہیں ہونے دینے کی شکایت کی تھی۔ کمشنر نے انھیں حکومت کے ضابطوں اور عدالت کے احکام پر عمل کرنے کی صلاح دی۔ حالانکہ طالبات نہیں مانیں اور جمعرات کو حجاب پہن کر کالج پہنچ گئیں۔

اڈوپی پری-یونیورسٹی گورنمنٹ گرلس کالج کی 6 طالبات کے ذریعہ شروع کیا گیا حجاب تنازعہ ریاست میں بین الاقوامی سطح پر سرخیاں بٹور رہا ہے۔ اس معاملے کی سماعت کے لیے تشکیل ہائی کورٹ کی خصوصی بنچ نے کلاسز میں حجاب سمیت کسی بھی مذہبی علامت والی چیز پہن کر کلاس میں جانے کے خلاف فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت نے اسکولوں میں حجاب پہننے کی اجازت مانگنے والی طالبات کے ذریعہ داخل عرضی کو بھی خارج کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔