کرناٹک انتخابات: وزیر اعظم مودی نے خود کشی جیسے سنگین مسئلہ کا اڑایا مذاق؟ راہل-پرینکا گاندھی نے کیا اعتراض
پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم مودی کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ انہوں نے خودکشی کے موضوع پر لطیفہ سنانے پر حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ موضوع ایسا نہیں ہے جس کا مذاق اڑایا جائے۔
نئی دہلی: حزب اختلاف کے رہنماؤں نے جمعرات کو ’سوسائڈ نوٹ‘ کا مذاق اڑانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے تبصرے انسانی زندگی کے تئیں غیر حساس نظر آتے ہیں۔ اس معاملہ پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہزاروں خاندان خودکشی کے سبب اپنے بچوں کو کھو دیتے ہیں۔ وزیر اعظم کو ان کا مذاق نہیں اڑانا چاہئے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم مودی کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ انہوں نے خودکشی کے موضوع پر لطیفہ سنانے پر حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ موضوع ایسا نہیں ہے جس کا مذاق اڑایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ این سی آر بی کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2021 میں ایک لاکھ 64 ہزار 33 ہندوستانیوں نے خودکشی کی۔ جن میں سے ایک بڑا تناسب 30 سال سے کم عمر کے لوگوں کا تھا۔ بقول پرینکا گاندھی، یہ ایک سانحہ ہے کوئی مذاق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے بیان کے دوران ایک لطیفہ سنا رہے ہیں، جس میں ایک خاتون اپنے پروفیسر والد کے نام خط چھوڑ جاتی ہے، کہ وہ خودکشی کرنے جا رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے لطیفہ میں بتایا کہ والد پریشان بیٹی کا خط دیکھ کر مشتعل ہو جاتے ہیں، کیونکہ اس میں ایک لفظ کا املا غلط نظر آتا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے اس لطیفہ پر لوگ قہقہے لگاتے نظر آتے ہیں۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری نے وزیر اعظم مودی کے علاوہ ان لوگوں پر بھی نشانہ لگایا ہے جو وزیر اعظم کے لطیفہ پر قہقہے لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر حساس افراد کو نفسیاتی صحت کے موضوعات کا مذاق اڑانے کے بجائے خود کو بہتر طریقہ سے تعلیم یافتہ بنانا چاہئے اور دوسروں کو بھی اس طرح کے موضوعات کے تئیں بیدار کرنا چاہئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔