کرناٹک الیکشن: بی جے پی کو لگا بڑا جھٹکا! ویرشیو لنگایت فورم نے کانگریس کی حمایت کا کیا اعلان

یدی یورپا کو درکنار کیے جانے اور سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شیٹر کو اپنے گڑھ ہبلی سے سیٹ نہیں دیئے جانے سے  ویرشیو لنگایت برادری بی جے پی سے سخت ناراض ہے۔

کانگریس۔ بی جے پی، تصویر آئی اے این ایس
کانگریس۔ بی جے پی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کرناٹک اسمبلی انتخابات میں لنگایت فرقہ کے ایک طاقتور گروپ ویرشیو لنگایت فورم نے کانگریس کی حمایت کرتے ہوئے ایک کھلا خط جاری کیا ہے۔ فورم نے لنگایت برادری کے ارکان پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں کانگریس کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔ لنگایت برادری بی جے پی کا روایتی ووٹ بینک رہا ہے اور 1980 کی دہائی سے پارٹی کے رہنما بی ایس یدی یورپا، جن کا تعلق اس کمیونٹی سے ہے، نے لنگایت کی حمایت اور بنیاد کو ترقی دینے کے لیے انتھک محنت کی تھی۔

حالانکہ، یدی یورپا کو ہٹائے جانے اور سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شیٹر کو ان کے گڑھ ہبلی سے نشست دینے سے انکار کے بعد کمیونٹی بی جے پی کے خلاف سخت ناراض ہے۔ جگدیش شیٹر نے کھل کر اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قومی آرگنائزنگ سکریٹری بی ایل سنتوش نے انہیں ٹکٹ نہیں دیا، جو ایک طرح کا پیغام ہے کہ بی جے پی لنگایت برادری کے اثر کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لنگایت برادری کرناٹک میں 17 فیصد طاقت کے ساتھ ایک طاقتور کمیونٹی ہے اور ریاست میں نو لنگایت چیف منسٹرس رہے ہیں۔


کانگریس قائد شمنور شیوشنکرپا اور جگدیش شیٹر نے اتوار کی صبح ہبلی میں لنگایت برادری کے لوگوں سے ملاقات کی۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے گزشتہ ہفتے سنگامنتھا مندر کا دورہ کیا تھا، جو لنگایت فرقہ کے بانی بسویشورا کی مقدس عبادت گاہ ہے، جسے بسونّا بھی کہا جاتا ہے۔ 10 مئی کو ہونے والے انتخابات کے ساتھ، طاقتور لنگایت فرقہ کے ایک حصے کی طرف سے دی گئی حمایت نے کانگریس کو بہت بڑی طاقت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 May 2023, 3:40 PM