کرگل شہید کیپٹن حنیف الدین اور سابق صدر اے پی جے عبدالکلام یاد کیے گئے
گلوبل اسٹریٹجک پالیسی فاؤنڈیشن نے کرگل شہید کیپٹن حنیف کو ان کی شہادت اور سابق صدر جمہوریہ ہند اے پی جے عبدالکلام کو ان کی سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔
نئی دہلی: کرگل کے شہید کیپٹن حنیف الدین نے اپنی شہادت کے ساتھ اُس مشن کی تکمیل کی بنیاد رکھ دی تھی جو سیاچن کے سب سیکٹر ویسٹ میں ہندستانی فوج کو مطلوب تھی۔ آج آس سیکٹر کا نام سب سیکٹر حینف الدین ہے۔ اس تمہید کے ساتھ آج یہاں ایک تقریب میں شہید کیپٹن حنیف الدین کے بٹالین کرنل انل بھاٹیا نے شہید وطن کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جس پوائنٹ 5990 کو باکستانی قبضے سے آزاد کرانے کے مشن کی تکمیل کی راہ ہموار کرتے ہوئے کیپٹن حنیف الدین نے اپنی جان وطن عزیز کی آبرو پر نچھاور کی تھی اُس مشن کی تکمیل آپریش حنیف کے نام سے کی گئی۔
حکومت ہند کی جانب سے اجتماعات پر عائد پابندیاں آج سے متعدد شرائط کے ساتھ ختم کئے جانے کے موقع پر گلوبل اسٹریٹجک پالیسی فاؤنڈیشن نے کرگل کے شہید کیپٹین حنیف الدین کو ان کی شہادت اور سابق صدر جمہوریہ ہند اے پی جے عبدالکلام کو ان کی سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ فاونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر اننت بھاگوت نے اس موقع پر ملک، فوج، سماج اور آج کی منعقدہ تقریب کے شرکا کو ہندستان کے مربوط اور مضبوط تانے بانے کا آئینہ دار بتاتے ہوئے کہا کہ یہی وہ طاقت ہے جس سے ٹکرا کر ہماری ہستی کو مٹانے والی طاقتیں مٹ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن زندگی کے تمام شعبوں کی نمائندگی کرنے والے ہندستانی عوام بشمول تمام مذاہب کے سربراہان بالخصوص علماء و ائمہ کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جو اپنی بساط سے بڑھ کر ملک میں اتحاد اور حب الوطنی کی فضا بنائے رکھنے میں مصروف ہیں۔
ڈاکٹر اننت بھاگوت نے مزید کہا کہ فوج چونکہ قومی اتحاد کی ایک زندہ مثال ہے اس لئے فوجی قیادت کو عوام کے درمیان لا کر جی ایس پی ایف پی فوج میں موجود قومی اتحاد کے نمونہ کو ملک کے سامنے لانا اور اُسے بڑھاوا دینا چاہتی ہے اور فوج کو بھی یہ دکھانا چاہتی ہے کہ پورا ملک اُن کے ساتھ ہے۔
انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے سربراہ مسٹر سراج الدین قریشی نے اس بات پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہ کورونا لاک آوٹ ختم ہونے کے بعد اس سنٹر کو اس نوعیت کے اولین اجتماع کا شرف حاصل ہوا، شہید کیپٹن حنیف کو خراج عقیدت پیش کیا اور سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کے منزل صدارت تک کے سفر کو ہندستان کی تمام بھید بھاو سے پاک تہذیب کا ترجمان قرار دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر فرقے اور طبقے کی نئی نسل کو اس سے تحریک حاصل کرنی چاہئے۔
وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) انوپ سنگھ، لیفٹنٹ جنرل عطا حسنین، لیفٹنٹ جنرل سنجے کلکرنی اور اسلامک سنٹر کے سکریٹری مسٹر بدرالدین خان نے بھی اس موقع پر شہید حنیف الدین اور ڈاکٹر عبدالکلام کی قومی خدمات پر اظہار خیال کیا جن لوگوں نے زندگی کا ہر لمحہ قوم کے نام وقف کردیا تھا۔ اہم شرکا میں القرآن اکیڈمی کے سربراہ مفتی اظہر شمسی سمیت زندگی کے دیگر شعبوں کے متعدد نمائندے شامل تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔