'ہندو راشٹر' کا مطالبہ کرنے والے مہنت کی بھوک ہڑتال جاری، ہو سکتی ہے گرفتاری

مہنت پرمہنس داس گزشتہ 12 اکتوبر سے ایودھیا واقع تپسوی چھاؤنی میں تامرگ بھوک ہڑتال پر ہیں۔ انھیں 11 اکتوبر کو گونڈا میں بھیڑ جمع کرنے کی وجہ سے وبائی ایکٹ کے تحت مقدمہ کا سامنا ہے۔

تصویر بشکریہ ای نوبھارت
تصویر بشکریہ ای نوبھارت
user

تنویر

ہندوستان کو 'ہندو راشٹر' قرار دیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مہنت پرمہنس داس گزشتہ 12 اکتوبر سے تامرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ لیکن اب ان کے لیے پریشانیاں کھڑی ہونے والی ہیں، کیونکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ان کی گرفتاری عمل میں آ سکتی ہے۔ یہ گرفتاری 'ہندو راشٹر' کا مطالبہ کرنے کے ضمن میں نہیں ہوگی بلکہ 11 اکتوبر کو اتر پردیش کے گونڈا میں سَنت سمراٹ داس پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جنھیں دیکھنے کے لیے مہنت پرمہنس داس گونڈا گئے تھے اور وہاں کچھ ایسا ہوا جس کے بعد ان کے خلاف وبائی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا گیا۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق 11 اکتوبر کو گونڈا میں سَنت سمراٹ داس پر حملہ کے بعد مہنت پرمہنس داس ان کی مزاج پرسی کے لیے پہنچے تھے۔ گونڈا کے رام جانکی مندر کے پاس منورما تپسوی چھاؤنی کا روایتی مندر ہے اور پرمہنس کے شاگرد ہی وہاں کے پجاری ہیں۔ جب پرمہنس داس وہاں پہنچے تو سَنت سمراٹ پر گولی چلائے جانے کے واقعہ پر ناراض ہوئے اور انتظامیہ کی طرف سے لاپروائی برتے جانے کی بات کہی۔ اس موقع پر وہاں کافی لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی تھی جس کے بعد گونڈا میں ان کے خلاف وبائی ایکٹ کے تحت مقدمہ رجسٹرڈ کیا گیا۔


اب جب کہ مہنت پرمہنس داس کی گرفتاری کے امکانات بڑھ گئے ہیں، تو انھوں نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ انھیں بھوک ہڑتال سے اٹھانے کی سازش کر رہی ہے۔ مہنت پرمہنس داس کا کہنا ہے کہ "وزیر اعظم، صدر جمہوریہ اور وزیر اعلیٰ کو میں نے 6 ماہ قبل ہی خط لکھ کر مطلع کر دیا تھا کہ ہندوستان کو 'ہندو راشٹر' قرار دیا جائے نہیں تو 12 اکتوبر سے ہم تامرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔"

قابل ذکر ہے کہ مہنت پرمہنس داس 12 اکتوبر سے ایودھیا واقع تپسوی چھاؤنی میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک ہندوستان کو ہندو راشٹر قرار نہیں دیا جاتا، ان کی بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ "میں ایودھیا سے تنہا ہی گونڈا گیا تھا اور جب وہاں پہنچا تو سازش کے تحت بھیڑ جمع کی گئی تھی۔ میرے ہی خلاف مقدمہ رجسٹرڈ کر دیا گیا۔ میری بھوک ہڑتال کی حمایت میں پورے ملک سے آواز اٹھ رہی ہے، جس وجہ سے بھوک ہڑتال کو ختم کرنے کے لیے سازش تیار کی جا رہی ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔