اترپردیش: پولیس اہلکار نے معذور شخص سے کی بدسلوکی، گھسیٹ کر لے گیا چوکی، ویڈیو وائرل
معذور شخص کے ساتھ پولیس زیادتی کی یہ ویڈیو جمعہ کے روز کی بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ کی ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہو رہی ہے اور اس کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی جا رہی ہے۔
قنوج: اتر پردیش کے قنوج ضلع میں ایک پولیس اہلکار کی طرف سے معذور شخص کے ساتھ مار پیٹ کرنے کا شرمناک واقعہ منظر عام پر آیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس کارروائی پر ایک بار پھر سوالیہ نشان کھڑے ہو گئے ہیں۔ ویڈیو میں ایک پولیس والا معذور شخص کو گھسیٹ کر پولیس چوکی لے جاتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ معذور شخص کے ساتھ پولیس زیادتی کی یہ ویڈیو جمعہ کے روز کی بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ کی ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہو رہی ہے اور اس کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی جا رہی ہے۔
معذور شخص ای رکشہ چلاتا ہے۔ متاثرہ معذور شخص نے بتایا کہ وہ سڑک کے کنارے مسافروں کو بیٹھا رہا تھا، تبھی کانسٹیبل نے اسے وہاں سے روانہ ہونے کو کہا۔ اس نے ایک منٹ ٹھہرنے کی گزارش کی۔ اس پر بقول معذور شخص پولیس کانسٹیبل نے اس کے ساتھ بدسلوکی اور اسے پیٹا، پھر پولیس چوکی تک گھسیٹ کر لے گیا۔ وہیں، ملزم کانسٹیبل کا کہنا ہے کہ اس نے سڑک کے کنارے سے سواری لینے والے معذور شخص سے جانے کے لئے کہا تو وہ بدسلوکی سے پیش آیا۔
اس واقعہ پر قنوج کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا، "رکشہ ڈرائیور کا کانسٹیبل کرن پال سے جھگڑا ہوا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ معذور شخص چوراہے پر رکشہ کھڑا کر کے سواری لے رہا تھا۔ اسے ٹوکا گیا تو اس نے ملزم کانسٹیبل کو گالی دی اور دھکا بھی دیا۔ یہ واقعہ افسوسناک ہے۔ ملزم کو اپنا آپا نہیں کھونا چاہیے تھا۔ ملزم کو لائن حاضر کیا گیا ہے اور معاملے کو تفتیش افسر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔