’بہت پریشان ہے یوپی کا نوجوان، کاٹ رہا کورٹ کچہری کا چکر‘، پرینکا گاندھی نے یوگی کو لکھا خط
پرینکا گاندھی نے خط میں لکھا کہ یہ نوجوان مجبوری میں کورٹ کچہری کے چکر لگا رہے ہیں۔ ان میں سے بہت سے ایسے بچے ہیں جن کی زندگی جدوجہد سے بھری ہوئی ہے۔ ان کی تکلیف دہ کہانی سن کر میں بہت افسردہ ہوئی۔
نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں بے روزگار نوجوانوں کے مسائل کے حوالہ سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھا ہے۔ خط میں پرینکا گاندھی نے لکھا ہے کہ اتر پردیش کے نوجوان بہت پریشان اور مایوس ہیں۔ کچھ دن پہلے ہی میں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 12460 ٹیچر بھرتی کے امیدواروں سے بات چیت کی۔ اس ٹیچر بھرتی میں 24 اضلاع کو صفر اضلاع قرار دیا گیا تھا، یعنی ان 24 اضلاع میں کوئی خالی جگہ نہیں تھی، مگر وہاں کے امیدوار دوسرے اضلاع میں بھرتی کے امتحان میں شامل ہو سکتے تھے۔ ان بچوں نے امتحان دیا اور اچھے نمبرات کے ساتھ پاس بھی ہوئے تھے لیکن 3 سال گزر جانے کے بعد بھی ان کی تقرری نہیں کی گئی ہے۔
پرینکا گاندھی نے خط میں مزید لکھا، ’’یہ نوجوان مجبوری میں کورٹ کچہری کے چکر لگا رہے ہیں۔ ان میں سے بہت سے ایسے بچے ہیں جن کی زندگی جدوجہد سے بھری ہوئی ہے۔ ان کی تکلیف دہ کہانی سن کر میں بہت افسردہ ہوئی۔ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ حکومت نے ان کے خلاف جارحانہ اور غیر فطری سلوک کیوں اختیار کیا ہوا ہے، جبکہ یہی اتر پردیش کا مستقبل بنانے والی نسل ہے اور حکومت ان کے سامنے جوابدہ ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، "یہ نوجوان بہت پریشان ہیں۔ کورونا وبا نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے، ایک طرف انہیں نوکری نہیں مل رہی ہے، اوپر سے اس وبا میں انہیں ایک بہت بڑے مالی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے اوپر گھر کے نمک-تیل اور راشن کا بوجھ ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے ویڈیو کانفرنسنگ میں 12460 ٹیچر بھرتی امیدواروں سے گفتگو کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ کو یہ لکھا ہے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری نے خط میں لکھا ہے کہ انسانی جذبات کے پیش نظر اور نوجوانوں کے حق روزگار کے احترام کے لئے، فوری طور پر 24 صفر اضلاع کے امیدواروں کی تقرری کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔