ایم سی ڈی میئر کے الیکشن سے عین قبل ایل جی اور عام آدمی پارٹی آمنے سامنے
عام آدمی پارٹی نے ایم سی ڈی میئر کے انتخاب سے پہلے ایک اہم فیصلہ لیا ہے، جس سے ایل جی اور کیجریوال حکومت کے درمیان تنازع بڑھ سکتا ہے۔
عام آدمی پارٹی نے جمعہ یعنی کل 6 جنوری کو دہلی میں ہونے والے میئر کے انتخاب سے پہلے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے مکیش گوئل کو دہلی میونسپل کارپوریشن میں قائد ایوان بنایا ہے۔ وہ وارڈ نمبر 15 آدرش نگر سے کونسلر منتخب ہوئے ہیں۔ مکیش گوئل موجودہ کارپوریشن کے سب سے پرانے کارپوریٹر ہیں، وہ 1997 سے مسلسل کارپوریٹر ہیں۔
مکیش گوئل کے نام کے ساتھ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ اور کیجریوال حکومت کے درمیان محاذ آرائی شروع ہو گئی ہے۔ ایسے میں دہلی میونسپل کارپوریشن میں انہیں ایوان کا لیڈر بنانا جوابی کارروائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق عام آدمی پارٹی رہنما سوربھ بھاردواج نے ٹوئٹ کیا کہ یہ روایت رہی ہے کہ سب سے سینئر ممبر کو ہی پروٹیم اسپیکر اور پریذائیڈنگ آفیسر مقرر کیا جاتا ہے، لیکن بی جے پی تمام جمہوری روایات اور اداروں کو تباہ کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے جمعرات یعنی آج 5 جنوری کو بی جے پی کارپوریٹر ستیہ شرما کو ایم سی ڈی کے میئر کے انتخاب کے لیے منعقد ہونے والے پہلے ہاؤس کی پہلی میٹنگ کے لیے پریذائیڈنگ افسر کے طور پر نامزد کیا۔
واضح رہے ایم سی ڈی انتخابات کے بعد میونسپلٹی کا پہلا اجلاس جمعہ یعنی کل 6 جنوری کو ہونے والا ہے اور اس اجلاس میں تمام نو منتخب کونسلر حلف لیں گے اور میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب کیا جائے گا۔ ایل جی کے دفتر سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے، "دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے ایکٹ کی دفعہ 77 کے تحت میئر کے انتخاب کے لیے میٹنگ کی صدارت کے لیے وارڈ نمبر 226 کے کونسلر ستیہ شرما کو نامزد کیا ہے۔"
حلف برداری کی تقریب کے بعد کونسلرز میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب کریں گے۔ عام آدمی پارٹی نے میئر کے عہدے کے لیے شیلی اوبرائے کو میدان میں اتارا ہے۔ دوسری جانب بی جے پی نے میئر کے لیے ریکھا گپتا کو میدان میں اتارا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔