وکاس دوبے انکاؤنٹر کی عدالتی تحقیق کا فیصلہ، 8 پولس اہلکاروں کے قتل کی بھی ہوگی جانچ

8 پولس والوں کے قتل، وکاس دوبے کے انکاؤنٹر اور خاکی وردی و مافیہ کے گٹھ جوڑ کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دینے کے بعد یو پی حکومت نے کانپور انکاؤنٹر میں پولس قتل کی عدالتی جانچ کا بھی حکم دے دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش حکومت نے بکرو گاؤں میں 3 جولائی کو پولس اہلکاروں پر کی گئی گولی باری اور 8 جوانوں کی شہادت معاملہ کے اہم ملزم وکاس دوبے کے 10 جولائی کو انکاؤنٹر میں مارے جانے کی عدالتی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے 12 جولائی کو اس سلسلے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی۔ عدالتی جانچ جسٹس ششی کانت اگروال (سبکدوش) کی قیادت میں ہوگی اور ان کا ہیڈکوارٹر کانپور ہوگا۔ جانچ رپورٹ دو مہینے میں سونپے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔

اس واقعہ کے بعد انکاؤنٹر میں مارے گئے دیگر جرائم پیشوں کو بھی جانچ کے دائرے میں لیا جائے گا۔ دوبے کے ساتھ ہی 6 جرائم پیشے 3 جولائی سے 10 جولائی کے درمیان مارے گئے۔ آفیشیل نوٹیفکیشن کے مطابق عدالتی کمیشن پولس-جرائم پیشہ گٹھ جوڑ کی بھی جانچ کرے گا۔ کمیشن کو یہ مشورہ دینے کے لیے بھی کہا گیا ہے کہ اس گٹھ جوڑ کو کس طرح روکا جا سکتا ہے۔ ریاستی حکومت نے ہفتہ کے روز ایڈیشنل چیف سکریٹری سنجے بھوسریڈی کی قیادت میں ایک خصوصی جانچ ٹیم بنائی ہے جو 3 جولائی کے واقعہ میں پولس کے کردار کی جانچ کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔