مفت ٹیکہ کاری کے لئے کانگریس کی مہم میں شامل ہوں: اشوک گہلوت
اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت سے سب کے لئے مفت ویکسین کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مفت ٹیکہ کاری ملک کے تمام باشندوں کا حق ہے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہر ایک فرد کو جلد سے جلد مفت ویکسین دی جائے۔
جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے مفت ٹیکہ کاری کو تمام باشندوں کا حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ مفت کورونا ٹیکہ کاری کے لئے کانگریس کی جانب سے چلائی جانے والی مہم 'اسپیک اپ فار فری یونیورسل ویکسنیشن' میں شامل ہوکر تمام لوگوں کو مرکز و نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) حکومت کی بے حسی کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔
اشوک گہلوت نے آج یہ بات سوشل میڈیا کے ذریعے کہی۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے سب کے لئے مفت ویکسین کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مفت ٹیکہ کاری ملک کے تمام باشندوں کا حق ہے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہر ایک فرد کو جلد سے جلد مفت ویکسین دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم سب کو چاہیے کہ این ڈی اے حکومت کی اس بے حسی کے خلاف آواز اٹھائیں اور مفت یونیورسل ٹیکہ کاری کا مطالبہ کریں اور اپنی قیمتی جان کو بچانے کے لئے کانگریس کی مہم میں شامل ہوں۔ مفت ٹیکہ ہر ہندوستانی کا حق ہے۔ سابقہ تمام مرکزی حکومتیں اس پروگرام کو آگے بڑھاتی رہی ہیں۔
کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے کانگریس کی اس مہم میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جب کورونا وائرس کی پہلی لہر آئی تو وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے مفت ٹیکہ کرائی جائے گی اور اس کے لئے مرکزی بجٹ میں 35 ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہيں۔ لیکن جب کورونا وائرس کی دوسری لہر آئی تو مفت ویکسین روک دی گئی۔ مفت ٹیکے دستیاب نہیں کرائے جارہے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے لاکھوں افراد اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں لیکن ملک کے وزیر اعظم ویکسین دینے کے نام پر خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ویکسین نہیں مل رہی ہے، ملک میں جو کچھ ویکسین بنائی جا رہی ہے وہ بیرون ملک جا رہی ہے۔ کورونا کے بحران میں تمام ریاستوں کو اپنے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس لئے ملک کے عوام اور کانگریس پارٹی کا وزیر اعظم سے مطالبہ ہے کہ دوسرے ملکوں کی طرح اپنے ملک میں بھی مفت ویکسین فراہم کرکے لوگوں کی زندگیاں بچائی جائيں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دور میں حکومت کے لوگ اپنی ذمہ داری سے بھاگ رہے ہیں جسے ملک کے عوام دیکھ رہے ہیں اور وہ کبھی معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ویکسین ہی کورونا وائرس کی وباء سے محفوظ رکھ سکتی ہے، اس لئے ہر شہری کو مفت ویکسین دستیاب ہونی چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔