کورونا ویکسین سے نہیں، دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی جوہی دیوی کی موت

علامتی، تصویر یو این آئی
علامتی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کلو: ہماچل پردیش کے ضلع کلو کے پاروتی وادی کے شانگچن گاوں کی جوہی دیوی کی دو روز قبل یعنی جمعرات کو دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوئی نہ کہ کورونا ویکسین سے۔ جوہی دیوی (74) کو گزشتہ 25 مارچ کو بعد دوپہر دوبجے ہیلتھ سب سنٹر برادھا میں کورونا کا ٹیکہ لگایا گیا۔ ٹیکہ لگانے کے بعد تقریباً 45 منٹ تک وہ اسپتال کی نگرانی میں رہیں اور اس کے بعد وہ اپنے ہی گاوں کی تین خواتین کے ساتھ برادھا اسپتال سے چلی گئیں۔

محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کو مجسٹریٹ اور محکمہ صحت کی چار رکنی ٹیم نے برادھا گاوں کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیا اور پایا کہ خاتون کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔ جوہی دیوی کے بیٹے گیان سنگھ اور میہر سنگھ نے اس سلسلے میں تحریری بیان دیا ہے کہ ان کی والدہ پہلے سے ہی بلڈپریشر کی مریضہ تھیں اور گزشتہ ایک سال کے اندر انہیں تین بار دل کا دورہ پڑچکا تھا۔ جمعرات کو انہیں چوتھی مرتبہ دل کا دورہ پڑا۔


انہوں نے کہا کہ ساتھ گئی خواتین کے مطابق جوہی دیوی نے برادھا میں ہی اپنے رشتہ دار کے گھر میں دوپہر کا کھانا کھایا اور گھر کے راستے میں ہی شام تقریباً 4:30 بجے انہیں چکر آیا اور دل کا دورہ پڑا۔ جوہی دیوی کو فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر زری لایا گیا جہاں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس کے بعد اہل خانہ مرنے والی خاتون کو واپس گاوں لے گئے۔

ترجمان کے مطابق 25 مارچ کو ہیلتھ سب سنٹر برادھا میں کل 24 افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگایا گیا جن میں سے 23 لوگ بالکل صحت مند ہیں۔ ابھی تک 60 سال سے زیادہ عمر کے 14384 افراد کو کورونا کا ٹیکہ لگ چکا ہے اور وہ صحت مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین پوری طرح محفوظ ہے اور باری آنے پر تمام لوگوں کو ٹیکہ لگوانے کے لئے آگے آنا چاہیے تاکہ سماج کورونا سے پاک ہوسکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔