بھیما-کوریگاؤں کیس: دہشت گردی کے لیے جے این یو اور ٹاٹا جیسے اداروں کے طلبا کی ہوئی تھی بھرتی، این آئی اے کا دعویٰ

این آئی اے کے مطابق ملزمین پر ممنوعہ اداروں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے، لوگوں اور طلبا کو یکجا کرنے، مرکزی و ریاستی حکومتوں کے خلاف سازش کے علاوہ ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالے جیسے سگین الزامات ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) نے ایک حیران کرنے والا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھیما-کوریگاؤں اور ایلگر پریشد معاملوں کے ملزمین نے مبینہ طور پر مہاراشٹر اور ملک میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے جے این یو اور ٹاٹا اداروں جیسے دو سرفہرست ہندوستانی یونیورسٹیوں کے طلبا کی بھرتی کی گئی تھی۔ این آئی اے کا یہ بیان گزشتہ چار سالوں سے ہندوستانی سیاست کو ہلا دینے والے سنسنی خیز معاملوں کے تعلق سے 16 گرفتار ملزمین اور چھ دیگر بھگوڑوں کے خلاف دائر دوہرے معاملوں میں چارج شیٹ کے مسودے میں سامنے آیا ہے۔ دونوں معاملوں کی طویل جانچ کے بعد گزشتہ ہفتہ یہ ڈرافٹ چارج شیٹ این آئی اے اسپیشل کورٹ کے خصوصی جج ڈی ای کوٹھالیکر کے سامنے داخل کی گئی تھی۔

این آئی اے کے مطابق ملزمین نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے دو مشہور جواہرلال نہرو یونیورسٹی (نئی دہلی) اور ٹاٹا سماج سائنس انسٹی ٹیوٹ (ممبئی) سمیت مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا کی بھرتی کی تھی۔ ان پر ممنوعہ تنظیموں کی سرگرمیوں اور نظریات کو فروغ دینے، لوگوں اور طلبا کو یکجا کرنے، حکومت ہند اور مہاراشٹر حکومت کے خلاف سازش تیار کرنے اور عدم استحکام پیدا کرنے کے ساتھ ہی ملک کی سالمیت کو بڑے پیمانے پر خطرے میں ڈالنے جیسے سنگین مقاصد رکھنے کے الزامات ہیں۔


اس کے ساتھ ہی ان پر جدید اسلحوں اور دھماکہ خیز مادوں سے متعلق ٹریننگ دینے، بڑے پیمانے پر تشدد کرنے، لوگوں میں دہشت پھیلانے اور دیگر ممنوعہ سرگرمیوں میں شامل ہونے کے الزامات ہیں۔ این آئی اے نے کہا کہ ان مقاصد کے لیے ملزمین نے ممنوعہ تنظیموں اور فرنٹل تنظیموں کے ذریعہ سے منی پور اور پڑوسی ملک نیپال میں فراہم کنندگان سے 400000 راؤنڈ اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ ایم-4 (جدید اسلحہ) کی سالانہ فراہمی کے لیے 8 کروڑ روپے جمع کرنے کا انتظام کیا تھا۔ مرکز اور مہاراشٹر حکومتوں کو خوفزدہ اور کمزور کرنے کے لیے یہ سازش تیار کی گئی تھی۔

ان معاملوں میں گرفتار ملزم ہیں: سدھیر پی دھولے، ورنون ایس گونجالوس (دونوں ممبئی سے)، ٹھانے کے ارون ٹی فریرا، رونا جے ولسن اور گوتم نولکھا (نئی دہلی سے) سریندر پی گاڈلنگ، شوما کے سین، مہیش ایس راؤت (ناگپور سے)، حیدر آباد سے پی ورورا راؤ، فرید آباد کی سدھا بھاردواج، یاوتمال کے آنند بھی تیلتمبڑے، تریچور کے ہنی بابو ایم تھریل، احمد نگر کے ساگر گورکھے، پونے کے رمیش گایچور اور تمل ناڈو سے آنجہانی اسٹین سوامی۔ سوامی کی گزشتہ 5 جولائی کو ممبئی میں حراست میں موت ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔