جھارکھنڈ اسمبلی اتنخاب: الیکشن کمیشن کا وفد انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے رانچی پہنچا
رانچی کے اپنے دورہ کے دوران الیکشن کمیشن نے سب سے پہلے قومی اور ریاستی سطح پر تسلیم شدہ جماعتوں کے ساتھ میٹنگ کی اور ان کی رائے اور تجاویز طلب کیں۔
مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب کی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کا ایک وفد جہاں جھارکھنڈ میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آج رانچی پہنچ گیا، وہیں امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی کمیشن کا وفد مہاراشٹر کا دورہ بھی کرے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ ان دونوں ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ایک ساتھ کیا جائے گا۔
اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے مقصد سے الیکشن کمیشن کا جو وفد جھارکھنڈ کے دو روزہ دورے پر رانچی پہنچا ہے، اس کی قیادت چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کی۔ اس وفد میں الیکشن کمشنرز گیانیش کمار اور ڈاکٹر ایس ایس سندھو بھی شامل ہیں۔ رانچی کے اپنے دورہ کے دوران کمیشن نے سب سے پہلے قومی اور ریاستی سطح پر تسلیم شدہ جماعتوں کے ساتھ میٹنگ کی اور ان کی رائے و تجاویز طلب کیں۔
میٹنگ کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے تمام سیاسی جماعتوں سے آئندہ اسمبلی انتخابات کے منصفانہ اور آزادانہ انعقاد میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ بعد ازاں کمیشن نے مختلف مرکزی و ریاستی ایجنسیوں کے ساتھ میٹنگیں کیں۔ ان میں محکمہ انکم ٹیکس، محکمہ ایکسائز، جی ایس ٹی، ریزرو بینک، جنگلات، ٹرانسپورٹ، شہری ہوا بازی، منشیات وغیرہ شامل ہیں۔ کمیشن نے ان کے ایکشن پلان کا جائزہ لیا اور آزادانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے واضح ہدایات دیں۔ اس کے علاوہ کمیشن نے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے روی کمار اور ریاستی پولیس نوڈل آفیسر اے وی ہومکر کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لیا۔ کمیشن نے ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پرامن اور ہموار انعقاد کے لیے عہدیداروں کو ضروری ہدایات بھی دیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔