جینت چودھری بنے آر ایل ڈی سربراہ، قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں لگی مہر
آر ایل ڈی قومی مجلس عاملہ کی ورچوئل میٹنگ دہلی میں ہوئی۔ میٹنگ میں سب سے پہلے آر ایل ڈی سربراہ چودھری اجیت سنگھ کے انتقال پر پارٹی لیڈروں نے افسوس کا اظہار کیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
راشٹریہ لوک دَل یعنی آر ایل ڈی سربراہ چودھری اجیت سنگھ کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے جینت چودھری کو پارٹی کی کمان سونپ دی گئی ہے۔ آج آر ایل ڈی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں جینت چودھری کے نام پر مہر لگ گئی۔ کورونا وبا کی وجہ سے یہ میٹنگ ورچوئل ہوئی جس میں پارٹی کے اعلیٰ عہدیداران شامل ہوئے۔ اس موقع پر کچھ اہم فیصلے بھی پارٹی کی جانب سے لیے گئے، مثلاً 26 مئی کو کسانوں کے ذریعہ ’یومِ سیاہ‘ منائے جانے کو حمایت دینے کا اعلان کیا گیا۔
آر ایل ڈی قومی مجلس عاملہ کی ورچوئل میٹنگ آج دہلی میں ہوئی۔ اس میٹنگ میں سب سے پہلے آر ایل ڈی سربراہ چودھری اجیت سنگھ کے انتقال پر پارٹی لیڈروں نے افسوس کا اظہار کیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ چودھری اجیت سنگھ کا انتقال گزشتہ 6 مئی کو گروگرام واقع اسپتال میں ہو گیا۔ وہ کورونا سے متاثر تھے اور اسپتال میں ان کا علاج چل رہا تھا۔
بہر حال، جینت چودھری کو پارٹی کا سربراہ بنائے جانے پر مہر لگائے جانے کے بعد موجودہ حالات پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ بعد ازاں جینت چودھری نے حکومت سے اپیل کی کہ کورونا ٹیکہ کاری کا عمل ’ڈور ٹو ڈور‘ ہو تاکہ ہر خاص و عام کے لیے ٹیکہ لگانا آسان ہو جائے۔ علاوہ ازیں جینت چودھری نے سماجی اور سیاسی شعبہ سے جڑے تجربہ کار لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آر ایل ڈی کے ساتھ جڑیں تاکہ اہم ایشوز کو مضبوطی کے ساتھ اٹھایا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔