جموں کورونا وائرس سے پاک، تمام 26 مریض صحتیاب

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ وائرس سے متاثرہ سبھی مریضوں کی صحتیابی کے باوجود ضلع میں لاک ڈاؤن برابر جاری رہے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے سبھی 26 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور اس طرح سے زائد از چھ لاکھ کی آبادی والا یہ ضلع کورونا وائرس سے پاک ہوگیا ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا: 'جموں میں کورونا وائرس کے 26 کیسز سامنے آئے تھے۔ مزید تین مریضوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے ہیں جس کے ساتھ ہی جموں فی الوقت کورونا سے پاک ہوگیا ہے'۔

ضلع مجسٹریٹ جموں سشما چوہان نے یو این آئی کو بتایا کہ موجودہ صورتحال کے چلتے جموں کو 'کووڈ فری' ضلع قرار دینا جلد بازی میں لیا گیا فیصلہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'سبھی 26 کورونا وائرس مریضوں کی صحتیابی کے فوراً بعد ضلع کو کورونا وائرس سے پاک ضلع قرار نہیں دیا جاسکتا۔ موجودہ صورتحال کے چلتے ایسا کرنا جلد بازی ہوگی'۔


ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ وائرس سے متاثرہ سبھی مریضوں کی صحتیابی کے باوجود ضلع میں لاک ڈاؤن برابر جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'لاک ڈاؤن اور پابندیاں جاری رہیں گی۔ تاہم وزارت داخلہ کی گائیڈ لائنز کے مطابق پابندیوں میں جو نرمی دینی ہے وہ دی جارہی ہے'۔ دریں اثنا ضلع انتظامیہ جموں نے رینڈم سیمپلنگ کی تکمیل کے فوراً بعد کورونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ لوگوں کے لئے 'کورونا او پی ڈی رپورٹنگ' شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ہماری توجہ ان مریضوں پر مرکوز ہے جن میں اس وائرس کی علامات پائی جاتی ہیں تاہم دوسرے مرحلے میں کووڈ او پی ڈی رپورٹنگ شروع کی جائے گی جو رینڈم سیمپلنگ کے فوراً بعد شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کووڈ او پی ڈی رپورٹنگ میں کوئی بھی شخص رجسٹریشن کرکے ہمارے ٹول فری نمبرات پر اپنی علامات ظاہر کرسکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔