پلوامہ کو دوبارہ دہلانے کی سازش ناکام، آئی ای ڈی سے بھری سینٹرو کار برآمد

پولیس ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے راجپورہ آئین گنڈ علاقے میں جمعرات کی صبح 44 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک ٹیم نے ایک سینٹرو کار برآمد کی، جس سے ایک آئی ای ڈی بم برآمد ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے راجپورہ علاقے میں جمعرات کی صبح سیکورٹی فورسز نے ایک سینٹرو کار سے آئی ای ڈی بم برآمد کیا، جس کو بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم نے فوراً ناکارہ بنا دیا۔ جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے آئی جی پی کشمیر وجے کمار کے حوالے سے کہا ہے کہ پلوامہ پولیس، سی آر پی ایف اور فوج کی بروقت کارروائی کی بدولت کار کی مدد سے آئی ای ڈی دھماکہ کرنے کے ایک منصوبے کو ناکام بنایا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات ملنے پر پلوامہ کے راجپورہ آئین گنڈ علاقے میں جمعرات کی صبح 44 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک ٹیم نے ایک سینٹرو گاڑی کی تلاشی کی اور اس سے ایک آئی ای ڈی بم برآمد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ نقلی ہے اور اس کا ڈرائیور جو غالباً حزب المجاہدین سے وابستہ ہے، نےعلاقے میں ایک ناکے کو توڑ کر گاڑی کو آئین گنڈ کے نزدیک چھوڑ دیا ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹ گاڑی کو وہیں چھوڑ کر اندھیرا کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو فوری طور پر جائے موقع پر طلب کیا گیا جنہوں نے برآمد شدہ آئی ای ڈی کو نا کارہ بنایا۔ اطلاعات کے مطابق آئی ای ڈی کو ناکارہ بناتے وقت ہوئے دھماکے سے کئی نزدیکی مکانوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے اور کھڑکھیوں و دروازوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دریں اثنا آئی جی پولیس وجے کمار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی بر وقت کارروائی سے گاڑی سے ایک آئی ای ڈی کو برآمد کرکے ایک بہت بڑی مصیبت کو ٹالا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔