جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب: کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان سیٹ شیئرنگ کا فارمولہ طے!

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 90 اسمبلی سیٹوں میں سے بیشتر پر اتفاق رائے قائم ہو گیا ہے، کچھ سیٹوں پر بات چیت چل رہی ہے اور جلد فیصلہ ہو جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے سرکردہ لیڈران، تصویر @JKNC_</p></div>

کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے سرکردہ لیڈران، تصویر @JKNC_

user

قومی آواز بیورو

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے ذریعہ اتحاد کا اعلان کیے جانے سے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ جمعرات کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے سری نگر میں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد کا اعلان ہوا تھا۔ ساتھ ہی کہا گیا تھا کہ جلد ہی سیٹوں کی تقسیم سے متعلق فیصلہ بھی ہو جائے گا۔ جمعہ کے روز عمر عبداللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیشتر سیٹوں پر عام اتفاق قائم ہو گیا ہے اور بقیہ سیٹوں کے لیے مثبت انداز میں بات چیت جاری ہے۔

23 اگست کو عمر عبداللہ نے جنوبی کشمیر کے کلگام ضلع میں میڈیا اہلکاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ ہم 90 میں سے بیشتر سیٹوں پر عام اتفاق پر پہنچ گئے ہیں۔ کافی حد تک اتفاق رائے قائم ہو گیا ہے۔ باقی سیٹوں پر بات چیت چل رہی ہے اور اتحادی پارٹیاں جلد ہی سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل دے دیں گی۔‘‘


عمر عبداللہ نے سیٹوں کی تقسیم سے متعلق ہو رہی بات چیت پر کھل کر اپنی بات میڈیا کے سامنے رکھی۔ انھوں نے کہا کہ ’’کچھ سیٹوں پر ہم بضد ہیں، اور کچھ دیگر پر کانگریس کے مقامی لیڈران۔ آج بھی میٹنگیں ہوں گی اور ہم باقی سیٹوں کو سلجھانے کی کوشش کریں گے تاکہ اپنے امیدواروں کا اعلان کر سکیں۔‘‘ جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ پارٹی پہلے مرحلہ میں ہونے والی باقی سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کب کرے گی؟ جواب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے۔ کسی پارٹی نے ابھی تک اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ہماری فہرست 27 اگست تک کسی بھی حالت میں جاری ہو جائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔