جموں: اکھنور میں دردناک سڑک حادثہ، عقیدتمندوں سے بھری بس 150 فیٹ گہری کھائی میں گری، 21 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

بس اکھنور کے چنگی مڑھ علاقہ میں ایک سڑک کے کنارے گہری کھائی میں جا گری، بس میں سوار سبھی عقیدتمند کروکشیتر (ہریانہ) کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں جو شیو کھوڑی زیارت کے لیے جا رہے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>اکھنور سڑک حادثہ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

اکھنور سڑک حادثہ، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

جموں کے اکھنور میں آج عقیدتمندوں سے بھری ایک بس سڑک کنارے موجود 150 فیٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ اس حادثہ میں اب تک 21 لوگوں کی موت سے متعلق خبریں سامنے آ چکی ہیں، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد تقریباً 47 بتائی جا رہی ہے جن میں کچھ کی حالت سنگین ہے۔ سنگین طور پر زخمی مریضوں کو میڈیکل ہاسپیٹل کے لیے ریفر کیا گیا ہے جہاں ان کے علاج کا مکمل انتظام کیا جا رہا ہے۔

حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس اور بچاؤ ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ زخمیوں کو ریسکیو کر قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ مہلوکین کی لاشیں بس سے نکالنے میں کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ حادثہ کے بعد وہ بس میں پھنس گئی تھیں۔ مقامی لوگوں نے بچاؤ کاری کے عمل میں بہت مدد کی۔


موصولہ اطلاع کے مطابق یہ بس اکھنور کے چنگی مڑھ علاقہ میں ایک سڑک کنارے بنی گہری کھائی میں جا گری۔ بس کے اندر کئی عقیدتمند سوار تھے۔ آج تقریباً 12 بجے یہ بس (یوپی-86 ای سی 4078) ہریانہ کے کروکشیتر سے اتر پردیش اور راجستھان کے عقیدتمندوں کو شیوکھوڑی زیارت کے لیے لے جا رہی تھی۔ بس جب اکھنور کے چنگی مڑھ علاقہ کے ٹانگلی موڑ سے گزر رہی تھی، اسی وقت 150 فیٹ نیچے کھائی میں جا گری۔ حادثے میں زخمی ہوئے عقیدتمند علی گڑھ، متھرا، ہاتھرس، بھرت پور، لال پور کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں۔

اس درمیان میڈیکل کالج جموں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نرندر سنگھ کا کہنا ہے کہ سی ایس ای اکھنور کے ذریعہ سب سے پہلے اس حادثہ کی جانکاری دی گئی۔ سی ایس ای نے مطلع کیا تھا کہ وہ 25-20 زخمیوں کو ریفر کر رہے ہیں، ان میں سے 16 مریض اسپتال پہنچے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔