بُچ اور اڈانی گروپ کے درمیان تعلقات سے متعلق تازہ انکشاف کے بعد جئے رام رمیش نے پی ایم مودی پر کیا حملہ
جئے رام رمیش نے کہا کہ اس پورے معاملے میں نان بایولوجیکل وزیر اعظم پوری طرح سے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، وہ ایسا شاید بُچ کے اڈانی گروپ کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے کر رہے ہیں۔
کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے آج ایک پریس کانفرنس میں سیبی چیئرپرسن مادھبی پوری بُچ اور اڈانی گروپ کے درمیان تعلقات سے متعلق ایک اہم انکشاف کیا۔ اس پریس کانفرنس کے بعد کانگریس رکن پارلیمنٹ اور جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے پی ایم مودی کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے زوردار حملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’آج میرے ساتھی پون کھیڑا نے سیبی کی ڈائریکٹر مادھبی پوری بُچ کے ذاتی مالی منافع سے جڑی نئی جانکاریوں کا انکشاف کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس کو خطاب کیا۔ اس طرح کی بے ضابطگیوں کی سیریز میں یہ تازہ انکشاف ہے، جس کی شروعات اس ثبوت سے ہوئی کہ بُچ کے اڈانی گروپ کے ساتھ تعلقات تھے۔‘‘
یہ بیان جئے رام رمیش نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر دیا ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اس پورے معاملے کے درمیان نان بایولوجیکل (غیر حیاتیاتی) وزیر اعظم پوری طرح سے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ وہ ایسا شاید بُچ کے اڈانی گروپ کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے کر رہے ہیں۔‘‘ اس کے بعد جئے رام رمیش نے پی ایم مودی سے 4 سوال پوچھے ہیں جو اس طرح ہیں:
مادھبی پوری بُچ نے انڈیا بُلس سے جڑی ایک کمپنی کو اپنی جائیداد کرایہ پر کیوں دی، جو نہ صرف سیبی کے ذریعہ ریگولیٹ ہے بلکہ مختلف معاملوں میں سیبی کی جانچ کے دائرے میں بھی ہے؟
مادھبی پی. بُچ نے پیراڈائز پیپرس سے متعلق ایک متنازعہ یونٹ میں شیئر کیوں رکھے؟
سیبی کے ایک کُل وقتی رکن اننت نارائن نے اپنی ملکیت ایک اسٹاک بروکر کو کرایہ پر کیوں دی؟
اننت نارائن ایک ایسی کمپنی میں شیئر کیوں رکھتے ہیں جو سیبی کے ذریعہ ریگولیٹ ایک اہم مالیاتی سروس فراہم کرنے والا ادارہ ہے؟
اپنے پوسٹ کے آخر میں جئے رام رمیش نے لکھا ہے کہ ’’سیبی کروڑوں کنبوں کے مفادات کا محافظ ہے۔ لیکن کیا خود محافظ سے بچاؤ ہے؟ ملک واضح جواب چاہتا ہے، ٹال مٹول اور خاموشی نہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔