سی پی آئی ایم کے ریاستی سکریٹری کو نیائے یاترا میں شرکت کی دعوت
ریاستی کانگریس کے پردیپ بھٹا چاریہ اور ریاست کے لیے پارٹی کے مرکزی آبزرور غلام احمد میر نے ذاتی طور پر محمد سلیم کو بھارت جوڑو نیائے یاترا کے لیے مدعو کیا ہے
کولکاتا: کانگریس نے سی پی آئی ایم (مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا) کے پولت بیورو رکن اور مغربی بنگال میں پارٹی کے ریاستی سکریٹری محمد سلیم کو بھارت جوڑو نیائے یاترا کے مغربی بنگال سے گزرنے کے دوران شرکت کی دعوت دی ہے۔
اطلاع کے مطابق محمد سلیم کو ریاستی کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق راجیہ سبھا رکن پردیپ بھٹا چاریہ اور مغربی بنگال کے پارٹی کے لیے مرکزی آبزرور غلام احمد میر دونوں نے ذاتی طور پر مدعو کیا ہے۔ جس کے جواب میں محمد سلیم نے انہیں بتایا ہے کہ اگر وہ ترونت پورم میں اپنی پارٹی کے پروگرامس کی وجہ سے یاترا میں شرکت نہیں کر سکے تو اپنی پارٹی کے متعلقہ اضلاع کے لیڈران کو شرکت کی ضرور ہدایت دیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق ریاست کے شمالی علاقوں سے گزرے گی۔ روٹ میپ کے مطابق یاترا مغربی بنگال کے کوچ بیہر ضلع کے طوفان گنج سب ڈویژن سے ریاست میں داخل ہوگی اور شمالی بنگال کے جلپائی گوڈی، دارجلنگ، علی پور دوار، شمالی دیناج پوراور مالدا ہوتے ہوئے گزرے گی۔ مسلمانوں کی اکثریتی آبادی والے مرشد آباد ضلع جنوب بنگال کا واحد ضلع ہے جو نیائے یاترا کے روٹ میں شامل ہے۔ یہ شمالی بنگال کے ساتھ اس علاقے کا سرحدی ضلع بھی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔