بھارت جوڑو نیائے یاترا میں جمع ہوئی بھیڑ سے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما خوفزدہ: کانگریس
انہوں نے کہا، ’’آسام کے لوگوں کی طرف سے راہل گاندھی کا شاندار استقبال دیکھ کر آسام کے وزیر اعلیٰ بوکھلائے ہوئے ہیں۔ میں آسام کے وزیر اعلیٰ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ڈرو مت!‘‘
گوہاٹی: راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ اس وقت آسام میں ہے اور بڑی تعداد میں لوگ اس میں شامل ہو رہے ہیں۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یاترا میں جمع ہوئی بھیڑ سے جس طرح ماحول بدلا ہے اس سے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما خوفزدہ ہیں۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ مواصلات جے رام رمیش اور لوک سبھا میں پارٹی وہپ گورو گگوئی نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ راہل گاندھی کی یاترا کے آسام پہنچنے سے وزیر اعلی خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے ہمنتا بسوا سرما کو سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ یاترا کو آسام میں ملنے والی زبردست حمایت سے خوفزدہ ہیں۔
جے رام رمیش نے کہا، ’’جیسے ہی نیائے یاترا آسام پہنچی، یہاں کے لوگوں نے راہل گاندھی کا پر تپاک استقبال کیا۔ نیائے یاترا میں بڑی تعداد میں لوگ راہل گاندھی کا استقبال کر رہے ہیں۔ سرما بھاری بھیڑ کو دیکھ کر خوفزدہ ہیں جب کہ نیائے یاترا آسام میں سات دن تک جاری رہے گی۔ پہلے ہی دن ایسی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے تو بقیہ چھ دن میں حالات کس قدر تبدیل ہوں گے اس کے بارے میں بھی ہمنتا سرما کو سوچ لینا چاہئے۔
انہوں نے کہا، ’’آسام کے لوگوں کی طرف سے راہل گاندھی کا شاندار استقبال دیکھ کر آسام کے وزیر اعلیٰ بوکھلائے ہوئے ہیں۔ میں آسام کے وزیر اعلیٰ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ڈرو مت۔ آسام میں 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' سات دن تک چلے گی، اس یاترا کو کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی۔ کل 'بھارت جوڈو نیائے یاترا' اروناچل پردیش میں ہوگی۔ اس کے بعد 21 جنوری کو کالیابور (ناگاؤں) میں ایک عظیم ریلی ہوگی، جس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے بھی موجود ہوں گے۔
گگوئی نے کہا، "آسام کے وزیر اعلیٰ صرف خود کو امیر بنانے اور خاندان کے افراد کے نام پر جائیدادیں جمع کرنے میں مصروف ہیں۔ دہلی میں ایسا کون ہے جسے ایسے وزیر اعلیٰ پسند ہیں۔ آخر کیوں بی جے پی کے بدعنوان وزرائے اعلیٰ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ماجولی میں سری سری اونیتی سترا بھی گئے اور وہاں جاکر انہوں نے آشیرواد حاصل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' پر ہیں جس کا مقصد امن، سکون اور انصاف ہے۔
دریں اثنا، راہل گاندھی نے ایکس پر لکھا، "آج ملک میں قبائلیوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، آپ کی زمین چھینی جا رہی ہے، آپ کی تاریخ کو مٹایا جا رہا ہے۔ آر ایس ایس بی جے پی کا نظریہ آپ سے پانی، جنگلات اور زمین چھیننے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، ’’منی پور میں مہینوں سے سول وار جیسا ماحول ہے۔ لوگ ایک دوسرے کو مار رہے ہیں، لیکن آج تک وزیر اعظم نریندر مودی منی پور نہیں گئے۔ ناگالینڈ میں نریندر مودی نے 9 سال پہلے جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا نہیں کیا۔ آسام میں بھی ہندوستان کے سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔