کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری، کسان پریشان
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران رک رک کر بارشیں ہوں گی اور اس دوران کہیں کہیں ژالہ باری اور کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہے۔
سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے کسان طبقے کو گوناگوں پریشانیاں لاحق ہیں۔ متعلقہ محکمے کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران رک رک کر بارشیں ہوں گی اور اس دوران کہیں کہیں ژالہ باری اور کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 2 جون تک موسم کی یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران اپنے تمام آپریشنز جیسے فصل کٹائی، دوا پاشی وغیرہ معطل رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 16.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، جبکہ قاضی گنڈ میں 7.6 ملی میٹر، گلمرگ میں 8.8 ملی میٹر، کپوارہ میں 10.6 ملی میٹر اور پہلگام میں بھی بوندا باندی ہوئی ہے۔ ادھر نا سازگار موسمی صورتحال کے بیچ وادی میں شبانہ درجہ حرارت کہیں معمول سے کم تو کہیں معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ دریں اثنا وادی میں مسلسل بارشوں سے کسان طبقہ پریشان نظر آ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاں ایک طرف دھان کی پنیری خراب ہو رہی ہے وہیں فصلوں کی کاٹی نہیں ہو پا رہی ہے جس سے ان کو نقصان کے خطرات لاحق ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔