رتن ٹاٹا کے دلچسپ قصے: جب اپنے بیمار کتّے کی وجہ سے ایوارڈ لینے کے لیے لندن نہیں گئے

حال ہی میں رتن ٹاٹا نے کتوں کے لیے ایک اسپتال کھولا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں کتوں کو اپنے کنبہ کا حصہ مانتا ہوں۔ اسپتال 5 منزلہ ہے جس میں 200 پالتو جانوروں کا ایک ساتھ علاج کیا جاسکتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر 'ایکس'</p></div>

تصویر 'ایکس'

user

قومی آواز بیورو

 ملک کے قد آور کاروباری رتن ٹاٹا اب ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والے ان سے جڑے دلچسپ قصّے شیئر کر رہے ہیں۔ جن میں رتن ٹاٹا کی نرم دلی، جانوروں کے تئیں پیار وغیرہ کی کہانیاں شامل ہیں۔ جانوروں سے ان کے پیار سے جڑا ایک قصہ اکثر چرچا میں رہتا ہے۔ یہ قصہ ہے سال 2018 کا جب رتن ٹاٹا اپنے پالتو کتے کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے یو.کے. رائل فیملی کی طرف سے دیے جانے والے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ لینے کے لیے نہیں گئے تھے۔

ایک مرتبہ ہندوستانی کاروباری اور اداکار سہیل سیٹھ نے رتن ٹاٹا سے جڑا یہ قصہ بتایا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ سال 2018 میں یوکے کے کنگ پرنس چارلس (چارلس III) نے صنعت کار رتن ٹاٹا کو ان کے عطیہ سے جڑے کاموں کے لیے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازنے کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا تھا۔ برٹش ایشین ٹرسٹ کی جانب سے منعقد کیا جانے والا یہ پروگرام 6 فروری 2018 کو بکنگھم پیلس میں ہونا تھا۔


خاص بات یہ ہے کہ اس پروگرام میں شامل ہونے کے لیے رتن ٹاٹا نے پہلے اپنی منظوری دے دی تھی لیکن آخری وقت میں انہوں نے اس پروگرام میں شامل ہونے سے منع کر دیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اس دوران ان کے پالتو کتّے کی طبیعت خراب ہوگئی تھی اور انہوں نے اپنے اس پیارے دوست کے ساتھ رہنے کے لیے یوکے جانے سے منع کر دیا تھا۔

اس قصے کو یاد کرتے ہوئے سہیل سیٹھ نے بتایا تھا کہ وہ بھی اس پروگرام کے لیے لندن گئے تھے اور پروگرام سے دو-تین دن پہلے لندن پہنچے تھے۔ لیکن جیسے ہی وہ لندن پہنچے تو وہ خود رتن ٹاٹا سے 11 مسڈ کال دیکھ کر حیران رہ گئے۔ جب انہوں نے رتن ٹاٹا کو فون کیا تو ٹاٹا چیئرمین نے انہیں بتایا کہ ٹینگو اور ٹیٹو (ان کے کتّے) میں سے ایک کی طبیعت خراب ہوگئی ہے اور میں اسے چھوڑ کر نہیں آ سکتا۔"

اس پروگرام میں شامل ہونے کے لیے سہیل سیٹھ نے بھی رتن ٹاٹا کو منانے کی کافی کوشش کی لیکن پھر بھی انہوں نے اپنا من نہیں بدلا اور وہ پروگرام میں شامل ہونے نہیں پہنچے۔ اس بارے میں جب پرنس چارلس کو رتن ٹاٹا کے نہیں آنے کے بارے میں پتہ چلا تو انہوں نے بھی رتن ٹاٹا کے نظریات اور ترجیحات کی کافی ستائش کی۔


غور طلب ہے کہ حال ہی میں رتن ٹاٹا نے کتوں کے لیے ایک اسپتال کھولا تھا۔ انہوں نے اسپتال کھولتے وقت کہا تھا کہ میں کتوں کو اپنے کنبہ کا حصہ مانتا ہوں۔ انہوں نے آگے کہا تھا کہ میں نے زندگی میں کئی پیٹس رکھے ہیں۔ اس وجہ سے مجھے اسپتال کی اہمیت کا پتہ ہے۔ ان کی جانب سے نوی ممبئی میں بنایا گیا اسپتال 5 منزلہ ہے جس میں 200 پالتو جانوروں کا ایک ساتھ علاج کیا جاسکتا ہے۔

اس اسپتال کو 165 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے۔ رتن ٹاٹا کو کتوں سے کتنی محبت ہے، اسے اس بات سے سمجھا جاسکتا ہے کہ ایک مرتبہ ایک کتے کو وہ یونیورسٹی آف منیسوٹا لے کر گئے تھے جہاں کتّے کا جائنٹ رِپلیسمنٹ کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔