بی جے پی والوں کو ایسا انجکشن لگانا کہ ان کی چیخ دہلی تک پہنچے: شیوپال یادو
شیوپال یادو نے کہا کہ بھلے ہی وزیر اعلیٰ میرے بارے میں چورن جیسے بیانات دے رہے ہوں لیکن وہ یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ میرے جیسے چورن نے کئی بڑی بڑی طاقتوں اور لوگوں کا ہاضمہ بھی درست کر دیا ہے۔
اتر پردیش سمیت پورے ملک میں ووٹنگ کا پہلا اور دوسرا مرحلہ اپنے شیڈول کے مطابق مکمل ہو چکا ہے۔ اب تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ تیسرے مرحلے کی ووٹنگ 7 مئی کو ہوگی اور سیاسی پارٹیاں اس سے قبل اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر جتن کر رہی ہیں۔ ایسے میں سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری شیو پال سنگھ یادو کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے عوام سے بی جے پی کے لوگوں کو زور دار انجکشن لگانے کی اپیل کی ہے۔
شیوپال سنگھ یادو نے مین پوری پارلیمانی حلقہ کے جسونت نگر اسمبلی حلقہ میں منعقدہ ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی والوں کو اس بار شکست کا ایسا انجکشن لگائیں کہ ان کی چیخ دہلی تک پہنچے۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بھلے ہی وزیر اعلیٰ میرے بارے میں چورن جیسے بیان دے رہے ہوں، لیکن وہ یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ میرے جیسے چورن نے کئی بڑی بڑی طاقتوں اور لوگوں کا ہاضمہ بھی درست کر دیا ہے۔ اس لیے اس بار متحد ہو کر بی جے پی کو ایسا انجکشن لگانا ہے کہ اس کی چیخ دہلی تک پہنچے۔
قابل ذکر ہے کہ شیو پال یادو اٹاوہ ضلع کے جسونت نگر اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے ہیں۔ جسونت نگر اسمبلی مین پوری لوک سبھا حلقہ میں آتی ہے اور سماجوادی پارٹی نے مین پوری سے ڈمپل یادو کو میدان میں اتارا ہے۔ آج یعنی بدھ (1 مئی) کو شیو پال سنگھ یادو ڈمپل یادو کے لیے ووٹ مانگنے پہنچے تھے، جہاں انہوں نے عوام سے خطاب کیا اور اس دوران جسونت نگر کے لوگوں سے بی جے پی والوں کو زوردار انداز میں انجکشن لگانے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ چچا شیوپال یادو جانتے ہیں کہ کس طرح علاج کرنا ہے۔ یہاں اکھلیش نے چچا شیو پال یادو کی بہت تعریف کی اور کہا کہ اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بی جے پی کا علاج کریں گے۔ سماجوادی پارٹی نے مین پوری سیٹ سے ڈمپل یادو کو ٹکٹ دیا ہے، جبکہ بی جے پی نے اس سیٹ سے یوگی حکومت کے کابینہ وزیر ٹھاکر جئے ویر سنگھ کو ٹکٹ دیا ہے۔ یادو ووٹروں کی زیادہ آبادی کو دیکھتے ہوئے بی ایس پی نے بھی یادو برادری کے شیو پرساد یادو کو ٹکٹ دیا ہے۔ یعنی مقابلہ دلچسپ ہونے کی امید ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔