ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹر وراٹ کوہلی نے بین الاقوامی ٹی-20 کرکٹ سے ’بریک‘ کا کیا اعلان
ہندوستان اور سری لنکا کے خلاف ٹی-20 سیریز کے علاوہ 3 میچوں کی یک روزہ سیریز بھی کھیلی جائے گی، امید کی جا رہی ہے کہ یک روزہ سیریز میں وراٹ کوہلی ہندوستان ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔
جلد ہی ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی-20 سیریز کا آغاز ہونے والا ہے۔ لیکن اس سے ٹھیک پہلے ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹر وراٹ کوہلی نے ’بریک‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک افسر نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وراٹ کوہلی نے بین الاقوامی ٹی-20 کرکٹ سے عارضی طور پر بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اب وراٹ کوہلی کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمیٹ آئی پی ایل 2023 کے درمیان ہی کھیلتے دکھائی پڑیں گے۔
بی سی سی آئی کے سینئر افسر نے ’اِن سائیڈ اسپورٹس‘ سے کہا ہے کہ ’’ہاں، وراٹ نے یہ اطلاع دی ہے کہ وہ ٹی-20 کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ وہ یک روزہ سیریز سے ٹیم میں واپسی کریں گے۔‘‘ حالانکہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ سے کتنے دنوں کے لیے بریک لے رہے ہیں۔ لیکن اتنا تو طے ہے کہ سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی-20 سیریز میں وہ نظر نہیں آئیں گے۔ ہندوستان اور سری لنکا کے خلاف یہ سیریز 3 جنوری سے شروع ہوگی اور 7 جنوری تک ختم ہو جائے گی۔
ہندوستان اور سری لنکا کے خلاف ٹی-20 سیریز کے علاوہ 3 میچوں کی یک روزہ سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ یک روزہ سیریز میں وراٹ کوہلی ہندوستان ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔ یہ میچ 10 جنوری، 12 جنوری اور 15 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بھی سری لنکا کے خلاف ٹی-20 سیریز میں کھیلنا ممکن دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ یک روزہ سیریز میں ان کی واپسی ہو پائے گی یا نہیں، یہ بھی اندازہ لگانا قبل از وقت ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔