ہندوستان نے جموں میں ’ڈرون حملہ‘ کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا، وزیر دفاع کی وزیر اعظم سے ملاقات
وزارت داخلہ کے خصوصی سکریٹری نے کہا کہ ڈرونز کے ذریعے دہشت گرد اسلحہ یا دھماکہ خیز مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ بھیج رہے ہیں۔ یہ پوری دنیا میں سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے ایک خطرہ اور چیلنج بن چکا ہے۔
نئی دہلی: جموں و کشمیر کے آرمی بیس پر ڈرون حملہ کی سازش کا مسئلہ اقوام متحدہ میں بھی گونج گیا ہے۔ آج تک کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہندوستان نے کہا کہ اسٹریٹجک اور تجارتی اثاثوں کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لئے مسلح ڈرون استعمال کرنے کے خدشات پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
وزارت داخلہ امور کے خصوصی سکریٹری (داخلی سلامتی) وی ایس کے کومودی نے کہا کہ آج دہشت گردی کے پروپیگنڈے اور کیڈر کی بھرتی کے لئے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ دہشت گردی کی مالی اعانت اور ادائیگی کے نئے طریقے اور کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارم استعمال کیے جا رہے ہیں اور اب دہشت گرد ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔
وی ایس کے کومودی نے کہا کہ کم لاگت کا آپشن ہونے کی وجہ سے دہشت گرد تیزی سے ڈرون استعمال کر رہے ہیں اور یہ آسانی سے دستیاب ہے۔ ڈرونز کے ذریعے دہشت گرد اسلحہ یا دھماکہ خیز مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ آسانی سے بھیج رہے ہیں۔ یہ پوری دنیا میں سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے ایک خطرہ اور چیلنج بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کو سرحد پار سے اسلحہ کی اسمگلنگ کے لئے ڈرون استعمال کرتے ہوئے دیکھا ہے اس لئےاسٹریٹجک اور تجارتی اثاثوں کے خلاف مسلح ڈرون کے استعمال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے جا رہے ہیں۔ اجلاس کا ایجنڈا ابھی تک واضح نہیں ہے لیکن بتایا جا رہا ہے کہ یہ اجلاس ایئربیس پر ڈرون حملے اور سرحدی علاقوں میں نظر آنے والے ڈرونوں کے حوالے سے ہو سکتا ہے۔ میٹنگ میں راج ناتھ سنگھ آرمی لائیو ٹی وی کی تیاریوں کے حوالہ سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کر سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Jun 2021, 11:44 AM