’آزاد امیدواروں‘ کو بی جے پی کے لیے کیا جا رہا جمع، جموں و کشمیر انتظامیہ پر عمر عبداللہ کا بڑا الزام
عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’انتظامیہ نے آزادا امیدواروں کو بی جے پی کے لئے جمع کرنے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ لگتا ہے کہ سرکار کے پاس ایسا کرنے کے علاوہ کوئی کام رہا ہی نہیں ہے۔‘‘
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے الزام لگایا ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ ڈی ڈی سی کے آزاد امیدواروں کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کرانے کے لئے جمع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ انتظامیہ کے پاس ایسا کرنے کے علاوہ کوئی کام ہی نہیں رہا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’انتظامیہ نے آزادا امیدواروں کو بی جے پی کے لئے جمع کرنے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ لگتا ہے کہ سرکار کے پاس ایسا کرنے کے علاوہ کوئی کام رہا ہی نہیں ہے۔‘‘
قبل ازیں موصوف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جنوبی کشمیر میں نیشل کانفرنس کے سابق ایم ایل سی کو اپنے ضلعے کے آزاد امیدواروں سے ملنے سے روکنے کے لئے پولس نے اٹھالیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکام بعض آزاد امیدواروں کو خود ہی سری نگر بات چیت کرنے کے لئے لے جانے کی زحمت کر رہے ہیں۔ موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بی جے پی کو آزاد امیدواروں کو اپنی طرف لے جانے کی کوششوں سے باز رہنا چاہئے کیونکہ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ان انتخابات میں جمہوریت کی جیت ہوئی ہے۔
عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس موقع کو لوگوں کے ساتھ انصاف کرنے کے لئے استعمال کریں۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ، جو سات سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے، کو 110 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔