ہریانہ میں کانگریس نے 45 اور ناموں کا کیا اعلان، کیتھل سے رندیپ سرجے والا کے بیٹے کو ٹکٹ
ہریانہ میں کانگریس نے 45 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا۔ کیتھل سے آدتیہ سرجے والا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
نامزدگی کی آخری تاریخ سے ایک دن پہلے، کانگریس نے ہریانہ کی بقیہ 49 میں سے 45 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ رندیپ سرجے والا کے بیٹے آدتیہ سرجے والا کو کیتھل سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ بھجن لال کے بیٹے سابق ڈپٹی وزیر اعلی چندر موہن کو پنچکولہ سے امیدوار بنایا گیا ۔ نرمل سنگھ کو امبالہ سٹی سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ مُلانا کے رکن اسمبلی ورون چودھری کی اہلیہ پوجا چودھری کو امیدوار قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رندیپ سرجے والا ہریانہ کی کیتھل سیٹ پر مسلسل عوامی رابطہ کر رہے تھے۔ ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ کیتھل میں مہم کی تصویروں سے بھرا ہوا ہے۔ سرجے والا راجیہ سبھا کے رکن ہیں اور انہوں نے اسمبلی انتخابات لڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ لیکن پارٹی نے ٹکٹ ان کے بیٹے کو دیا ہے۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ اگر سرجے والا کو ٹکٹ نہیں ملا تو پارٹی ان کے بیٹے کو میدان میں اتار سکتی ہے اور ایسا ہی ہوا۔ اس کے علاوہ جگادھری سیٹ سے اکرام خان، یمنا نگر سے رمن تیاگی، پیہووا سے مندیپ سنگھ، ہتھین سے محمد اسرائیل کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
بی جے پی اور جے جے پی نے ہریانہ میں کانگریس کی فہرست میں تاخیر کو نشانہ بنایا تھا۔ جے جے پی لیڈر دشینت چوٹالہ کی پارٹی نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ یہاں بیچارے کانگریسی بیٹھے ہیں ٹکٹ کے انتظار میں ، دوسری طرف دہلی کے دربار میں جوتم پیجار ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔