ہریانہ اسمبلی انتخاب: کانگریس امیدوار ونیش پھوگاٹ نے جولانا سیٹ سے پرچۂ نامزدگی کیا داخل

بی جے پی نے جاٹ اکثریتی اسمبلی حلقہ جولانا میں ونیش پھوگاٹ کے خلاف سابق پائلٹ یوگیش بیراگی کو میدان میں اتارا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ونیش پھوگاٹ پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے بعد کانگریس لیڈران کے ساتھ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ونیش پھوگاٹ پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے بعد کانگریس لیڈران کے ساتھ، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ہریانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کے امیدواروں کا پرچہ نامزدگی داخل کرنا جاری ہے۔ آج مشہور خاتون پہلوان اور کانگریس امیدوار ونیش پھوگاٹ نے جیند ضلع کی جولانا اسمبلی سیٹ سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ کشتی سے سیاست میں قدم رکھنے والی ونیش پھوگاٹ کچھ دنوں قبل ہی کانگریس میں شامل ہوئی تھیں اور اپنے سیاسی کیریئر کو لے کر وہ انتہائی پُرجوش ہیں۔

آج جب ونیش پھوگاٹ جولانا اسمبلی سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر رہی تھیں، تو اس دوران روہتک سے کانگریس رکن پارلیمنٹ دیپندر ہڈا اور سونی پت کے رکن پارلیمنٹ ستپال برہمچاری بھی ان کےس اتھ موجود تھے۔ آئندہ ماہ ہونے والے انتخاب کے لیے نامزدگی پرچہ داخل کرنے کا کل یعنی 12 ستمبر کو آخری دن ہے۔ یعنی جو امیدوار اب تک اپنا پرچہ نامزدگی داخل نہیں کر سکے ہیں، ان کے لیے کل آخری موقع ہوگا۔


ونیش پھوگاٹ کے ذریعہ پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دیپندر ہڈا نے کہا کہ ونیش پھوگاٹ کے لیے پارٹی ’بڑی جیت‘ حاصل کرے گی۔ انھوں نے یقین دلایا کہ بھوپندر سنگھ ہڈا کی قیادت میں کانگریس ہریانہ اسمبلی انتخاب میں مکمل اکثریت حاصل کرے گی اور حکومت تشکیل دے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’لوگوں نے ذہن تیار کر لیا ہے کہ ہڈا صاحب کی قیادت میں کانگریس کو اقتدار میں لانا ہے اور بی جے پی کو باہر کرنا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے جاٹ اکثریتی جولانا اسمبلی حلقہ میں ونیش پھوگاٹ کے خلاف سابق پائلٹ یوگیش بیراگی کو میدان میں اتارا ہے۔ کانگریس امید کر رہی ہے کہ ونیش پھوگاٹ انھیں بہ آسانی شکست دیں گی اور ایک بڑی کامیابی حاصل کریں گی۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ونیش پھوگاٹ چرکھی-دادری ضلع کے بلالی گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کا سسرال جولانا ہے۔ جولانا میں بختا کھیڑا گاؤں ان کے شوہر سومویر راٹھی کا آبائی گاؤں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔