حج منزل میں میڈیکل کیمپ کا آغاز، پہلے دن 118 عازمین کو طبی سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا
حج پروازوں کا سلسلہ 21 مئی 2023 سے شروع ہونے کا امکان ہے، اس لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے صوبہ دہلی کے عازمین حج کی تربیت کے لیے آج اپنی خصوصی میٹنگ میں 10 حج ٹرینرز کا انتخاب کیا۔
نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے گزشتہ دنوں فراہم کی گئی اطلاع کے مطابق آج 5 اپریل 2023ء صبح 10 بجے سے ترکمان گیٹ پر واقع دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی (حج منزل) میں حج بیت اللہ 2023 کی ادائیگی کے لیے منتخب عازمین کو طبی جانچ سے متعلق میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے دہلی سرکار کے محکمہ صحت کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل کیمپ نے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ آج پہلے ہی دن دہلی کے مختلف اضلاع اور علاقوں کے کل 118 عازمین کی طبی جانچ کی گئی اور انہیں میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔
آج صبح کیمپ کے افتتاح کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی اور ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی نے میڈیکل کیمپ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن کوثر جہاں نے عازمین حج سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے آئندہ حج بیت اللہ کی روانگی تک انہیں ہر طرح کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
حج کمیٹی سے جاری اطلاع کے مطابق عازمین حج سے گزراش کی گئی ہے کہ حج منزل میں میڈیکل سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے آنے سے پہلے کسی بھی لیب سے سی بی سی، رینڈم سگر ٹیسٹ اور چیسٹ ایکسرے کروا کر رپورٹ کے ساتھ حج منزل طبی کیمپ میں آئیں۔ نیز 50 سال کی عمر سے اوپر کے عازمین اور کسی بھی عمر کے ایسے عازمین جنہیں دل کی کوئی بیماری ہو یا سُگر کی سطح زیادہ ہو تو وہ اپنی ECG جانچ بھی کروائیں اور اس کی رپورٹ بھی ساتھ لے کر آئیں۔
ممبر حج کمیٹی محمد سعد کی کوششوں سے 6 اپریل سے حج کمیٹی میں موبائل وین لیب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں مذکورہ ٹیسٹ رعایتی چارج پر کیے جائیں گے۔ دوسری جانب حج کمیٹی کے ممبر اور سیلم پور اسمبلی حلقہ سے ممبر اسمبلی عبدالرحمٰن نے عازمین حج کو طبی جانچ اور سرٹیفیکٹ سے متعلق درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے اپنی ذاتی کوششوں سے شاستری پارک میں واقع جگ پرویش اسپتال میں بھی عازمین حج کی طبی جانچ کا اہتمام کیا ہے۔ آج صبح عبدالرحمن صاحب نے اور ان کے رضاکاروں نے ذاتی طور پرعازمین حج کو فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور اسے آئندہ جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
حج کمیٹی میں آج ایک خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرپرسن کوثر جہاں کے علاوہ ممبران حج کمیٹی نازیہ دانش (کونسلر) اور محمد سعد نے بھی شرکت کی۔ حج بیت اللہ 2023 کے لیے حج پروازوں کا سلسلہ 21 مئی 2023 سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے صوبہ دہلی کے عازمین حج کی تربیت کے لیے آج اپنی خصوصی میٹنگ میں 10 حج ٹرینرز کا بھی انتخاب کیا۔ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کی ٹریننگ کا سلسلہ عید کے فوراً بعد شروع ہو جائے گا۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں حج کمیٹی کے دفتر میں علاقہ وار عازمین حج کی ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں حج کمیٹی کے منتخب کردہ 10 ٹرینرز پوری دہلی کے مختلف علاقوں کے عازمین حج کے لیے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کریں گے۔ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کے خصوصی التزام کے تحت اس سال ٹریننگ کیمپ میں تمام عازمین کو حج سے متعلق اہم اور ضروری اشیاء پر مشتمل ایک کٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔