امت شاہ سے ملاقات کے بعد ان کے ’مرید‘ نظر آ رہے جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا نیاز احمد فاروقی!

مولانا نیاز احمد فاروقی نے امت شاہ سے علماء کی ملاقات کو انتہائی مثبت ٹھہرایا اور بات چیت کے دوران وہ مرکزی وزیر داخلہ کی تعریف کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔

امت شاہ / یو این آئی
امت شاہ / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

جمعیۃ علماء کی کچھ سرکردہ شخصیتوں اور دیگر اہم مسلم لیڈران نے 4 اپریل کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا نیاز احمد فاروقی کے حوالے سے ہندی نیوز پورٹل ’ہندوستان لائیو ڈاٹ کام‘ پر انتہائی اہم بیان شائع ہوا ہے۔ امت شاہ سے ملاقات کے بعد مولانا فاروقی نے بیان دیا ہے کہ ’’سیاسی تقریروں میں وہ (امت شاہ) جیسے نظر آتے ہیں، میٹنگ میں اس سے بہت مختلف نظر آئے۔ امت شاہ نے ہماری ہر باتوں کو بغور سنا۔‘‘

منگل کے روز امت شاہ سے ملاقات کرنے والوں میں مولانا نیاز احمد فاروقی کے علاوہ جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا محمود مدنی، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن کمال فاروقی اور پروفیسر اخترالواسع وغیرہ بھی تھے۔ اس ملاقات کے تعلق سے مولانا فاروقی نے بتایا کہ ’’ہم نے ملک اور مسلمانوں کے سامنے جو چیلنجز ہیں، ان میں سے 14 نکات پر امت شاہ سے بات چیت کی۔ ہم نے رام نومی کے بعد سے جو تشدد ہوا، اس پر بھی بات کی۔ اس کے علاوہ ہریانہ کے میوات میں موب لنچنگ کے ایشوز کا بھی تذکرہ ہوا۔ اس دوران ہیٹ اسپیچ کے مسئلوں اور کرناٹک میں مسلم ریزرویشن چھینے جانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس میٹنگ میں ہم نے وزیر داخلہ کے سامنے اپنی فکر مندیاں ظاہر کیں اور انھوں نے ہماری باتوں کو اچھی طرح سنا۔‘‘


مولانا فاروقی نے امت شاہ سے علماء کی ملاقات کو انتہائی مثبت ٹھہرایا اور بات چیت کے دوران وہ مرکزی وزیر داخلہ کی تعریف کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’امت شاہ نے پوری بات تفصیل سے سنی اور کہا کہ آپ لوگوں کی بہت سی باتیں درست ہیں اور ہم اس پر توجہ دیں گے۔‘‘ مولانا فاروقی نے امت شاہ کے سامنے بہار کے نالندہ واقع مدرسہ عزیزیہ کو نذرِ آتش کیے جانے کا معاملہ بھی اٹھایا جس پر امت شاہ نے کہا کہ آخر بی جے پی حکمراں ریاستوں میں ایسے واقعات کیوں نہیں ہوتے!

ہندی نیوز پورٹل پر شائع خبر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مولانا فاروقی نے امت شاہ سے میٹنگ کے دوران علماء کے ذریعہ اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بی جے پی کے کچھ لیڈران مسلمانوں کے خلاف زہر انگیز بیان بازیاں کرتے ہیں۔ اس پر امت شاہ نے کہا کہ ہر جگہ ہر طرح کے لوگ ہوتے ہیں، اس لیے ہر کسی کو ایک ہی نظریہ سے دیکھنا ٹھیک نہیں ہے، حالانکہ حکومت ایسے کسی بھی معاملے کی حمایت نہیں کرتی ہے۔ فاروقی کا کہنا ہے کہ اس پر وزیر داخلہ سے کہا گیا کہ آپ لوگوں کی خاموشی کے سبب مسلمانوں کی فکر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس بات پر امت شاہ نے کہا کہ ہم اس بارے میں غور کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔