پارلیمنٹ میں مجھ پر حکومت کے خلاف نہ بولنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا، دانش علی کا مایاوتی پر سنگین الزام
رکن پارلیمنٹ دانش علی نے کہا کہ جب سی اے اے اور این آر سی بل پارلیمنٹ میں پاس ہو رہا تھا تو بی ایس پی ممبران پارلیمنٹ نے بی جے پی کی حمایت کی لیکن دانش علی نے ایسا نہیں کیا اور بیڑیاں توڑ دیں
اتر پردیش کے امروہہ میں بی ایس پی سپریمو مایاوتی کے ذریعے تنقید کا کانگریس کے امیدوار نے سخت جواب دیا ہے۔ امروہہ سے کانگریس پارٹی کے امیدوار اور ممبر پارلیمنٹ کنور دانش علی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں مجھ پر حکومت کے خلاف نہ بولنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا۔ سی اے اے و این آر سی کا بل پاس ہونے کے دوران بی ایس پی کے ارکان پارلیمنٹ نے بی جے پی کا ساتھ دیا تھا، جبکہ دانش علی نے نہیں دیا اور بیڑیاں توڑ دیں!
واضح رہے کہ امروہہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے امروہہ کے ایم پی اور کانگریس کے امیدوار کنور دانش علی پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے انہیں ایم پی بنایا تھا لیکن انہوں نے پارٹی اور عوام کو دھوکہ دیا۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کنور دانش علی نے کہا کہ میں ان کی پارٹی کا رکن پارلیمنٹ تھا لیکن کچھ تو مجبوریاں رہی ہوں گی، یوں کوئی بے وفا نہیں ہوتا!
کنور دانش علی نے کہا، ’’پارلیمنٹ میں مجھے بولنے سے روکا جاتا تھا کہ حکومت کے خلاف کچھ نہ بولوں۔ پارلیمنٹ کے اندر آہستہ اور احتیاط سے چلوں لیکن میں نے تو پہلے دن سے ہی پارلیمنٹ میں عوام کی آواز اٹھائی اور سماجی انصاف کی لڑائی لڑی۔ میں نے کسانوں، سی اے اے اور این آر سی کے معاملے پر پارٹی لائن سے ہٹ کر بات کی، اس لیے مجھے پارٹی مخالف کہا گیا۔ میں بابا صاحب امبیڈکر کے اصولوں اور پارٹی کی اقدار کے ساتھ کھڑا رہا اور حکومتی دباؤ قبول نہیں کیا۔‘‘
دانش علی نے کہا کہ جب سی اے اے اور این آر سی بل پارلیمنٹ میں پاس ہو رہے تھے تو بی ایس پی ممبران پارلیمنٹ نے بی جے پی کی حمایت کی لیکن دانش علی نے ایسا نہیں کیا اور بیڑیاں توڑ دیں! میں نے بابا صاحب کے آئین کی حفاظت کا موقف اختیار کیا۔ میرا مقابلہ بی جے پی کے پیسے والے اور ہیلی کاپٹر سے چلنے والے امیدوار سے ہے، میں نے اسے پچھلی بار ہرایا تھا اور اس بار اور بھی زیادہ ووٹوں سے ہرانے کی کوشش کروں گا۔ بی ایس پی کے امیدوار کا تو یہاں کچھ بھی نہیں ہے۔ امروہہ کے لوگ مجھ پر فخر محسوس کرتے ہیں میں نے گزشتہ 5 سالوں میں عوامی مسائل کو مضبوط سے اٹھایا ہے۔
کانگریس کے امیدوار نے کہا کہ عوام اس بار انڈیا الائنس کے امیدواروں کو کامیاب کریں گے اور اس حکومت کو تبدیل کیے بغیر نہیں رہیں گے۔ اکھلیش یادو اور راہل گاندھی کی قیادت میں الائنس کے امیدوار بڑی جیت حاصل کریں گے اور میں ایک بار پھر امروہہ میں بی جے پی امیدوار کو بڑے فرق سے شکست دوں گا۔
کنور دانش علی نے پہلی بار عوامی طور پر بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی پر الزامات لگائے ہیں۔ امروہہ میں 26 اپریل کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ہونی ہے اور اس سے قبل تمام پارٹیاں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ یہاں بی جے پی سے کنور سنگھ تنور، کانگریس سے کنور دانش علی اور بی ایس پی سے ڈاکٹر مجاہد حسین امیدوار ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔