راہل گاندھی کی طبیعت اچانک ناساز، انڈیا الائنس کے جلسہ عام میں شرکت سمیت تمام دورے ملتوی
راہل گاندھی آج مدھیہ پردیش کے ستنا اور جھارکھنڈ کے رانچی میں جلسۂ عام میں شرکت کرنے والے تھے، مگر اچانک طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے ان کے تمام پروگرام ملتوی ہو گئے
لوک سبھا انتخابات کے درمیان کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے۔ اتوار (21 اپریل) کو وہ مدھیہ پردیش کے ستنا میں ایک جلسۂ عام کے بعد جھارکھنڈ کے رانچی میں منعقد ہونے والی انڈیا الائنس کی ریلی میں شریک ہونے والے تھے، مگر طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے ان کے تمام پروگرام منسوخ کر دئے گئے۔ یہ اطلاع کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے دی ہے۔
جے رام رمیش نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ راہل گاندھی آج ستنا اور رانچی میں انتخابی مہم کے لیے پوری طرح تیار تھے، جہاں انڈیا الائنس کے جلسے منعقد ہو رہے تھے، مگر وہ اچانک بیمار ہو گئے ہیں اور اس وقت نئی دہلی سے باہر نہیں جا سکتے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے ستنا میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وہ رانچی میں انڈیا الائنس کے جلسے شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ رانچی میں لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل اتوار کو انڈیا الائنس کی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک عظیم الشان جلسۂ عام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ رانچی کے پربھات تارا گراؤنڈ میں ہونے والے اس عظیم الشان جلسۂ عام کو 'الگلان نیائے ریلی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس ریلی میں تقریباً 14 پارٹیوں کے لیڈران شرکت کر رہے ہیں۔ اس ریلی میں راہل گاندھی کو بھی شرکت کرنی تھی لیکن خرابی صحت کے باعث وہ شریک نہیں ہو پار ہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔