ہریانہ میں ’6 سیٹوں‘ نے بی جے پی کی بڑھائی طاقت، ایک سیٹ پر تو محض 32 ووٹ سے ملی کامیابی

بی جے پی کو ہریانہ اسمبلی انتخاب میں 6 سیٹوں پر 3 ہزار سے کم ووٹوں سے کامیابی ملی ہے، اگر یہ سیٹیں حصے میں نہیں آتیں تو پارٹی تن تنہا اکثریت حاصل کرنے سے دور رہ جاتی۔

بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ہریانہ اسمبلی انتخاب کے نتائج نے سیاسی لیڈران کے ساتھ ساتھ سیاسی تجزیہ نگاروں کو بھی کو حیران کر کے رکھ دیا ہے۔ کانگریس جہاں اس انتخابی نتیجہ کو غیر متوقع اور ناقابل قبول قرار دے رہی ہے، وہیں بی جے پی میں حکومت سازی کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ 90 سیٹوں والی ہریانہ اسمبلی کے انتخاب میں بی جے پی کو 48 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ کانگریس 37 سیٹوں تک ہی محدود ہو گئی۔ حکومت سازی کے لیے 46 سیٹوں کی ضرورت تھی، جس سے بی جے پی نے 2 سیٹیں زیادہ حاصل کر لی ہیں۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ بی جے پی کو اتنا مضبوط ’6 سیٹوں‘ نے بنایا ہے۔

جی ہاں، 6 سیٹیں ایسی رہی ہیں جہاں بی جے پی نے 3 ہزار سے کم ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ایک سیٹ تو ایسی بھی رہی جہاں محض 32 سیٹوں سے بی جے پی امیدوار کو جیت ملی۔ اگر یہ 6 سیٹیں بی جے پی ہار جاتی تو وہ تن تنہا اکثریت حاصل کرنے سے پیچھے رہ جاتی۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں ان سیٹوں پر جہاں بی جے پی نے 3 ہزار سے کم ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی۔


اُچانا کلاں:

2019 میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں اس سیٹ پر جے جے پی چیف دُشینت چوٹالہ نے کامیابی حاصل کی تھی، لیکن اس مرتبہ کامیابی کا سہرا بی جے پی امیدوار دیویندر اتاری (48968) کے سر بندھا ہے۔ انھوں نے کانگریس امیدوار بریجیندر سنگھ (48936) کو محض 32 ووٹوں سے ہرایا۔ دُشینت چوٹالہ 7950 ووٹ کے ساتھ پانچویں مقام پر رہے۔

دادری:

دادی اسمبلی سیٹ پر بی جے پی امیدوار سنیل سانگوان نے 65568 ووٹ حاصل کیے، جبکہ کانگریس امیدوار منیشا سانگوان کو 63611 ووٹ ملے۔ اس طرح بی جے پی امیدوار کو 1957 ووٹوں سے جیت حاصل ہوئی۔ اس سیٹ پر دو آزاد امیدواروں اور جے جے پی و عآپ امیدواروں نے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔ یعنی ووٹ کئی امیدواروں میں تقسیم ہو گئے۔


پُنڈری:

بی جے پی امیدوار ستپال جامبا (42805 ووٹ) نے پنڈری سیٹ پر آزاد امیدوار ستبیر بھانا (40608 ووٹ) کو 2197 ووٹ سے شکست دی۔ اس سیٹ پر کانگریس امیدوار سلطان جدولا تیسرے مقام پر رہے، جنھیں 26341 ووٹ حاصل ہوئے۔

اسّاندھ:

اسّاندھ اسمبلی سیٹ پر بھی بی جے پی اور کانگریس امیدوار کے درمیان سخت ٹکر دیکھنے کو ملی۔ یہاں بی جے پی امیدوار یوگندر رانا (54761 ووٹ) نے کانگریس امیدوار شمشیر سنگھ (52455 ووٹ) کو 2306 ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔ تیسرے مقام پر بی ایس پی امیدوار گوپال سنگھ رہے جنھوں نے 27396 ووٹ حاصل کیے، جبکہ چوتھے مقام پر رہنے والے آزاد امیدوار رام شرما کو 16302 ووٹ ملے۔


ہوڈل:

اس سیٹ پر بی جے پی امیدوار ہرندر سنگھ کو 68865 ووٹ حاصل ہوئے، جبکہ دوسرے مقام پر رہنے والے کانگریس امیدوار اودے بھان کو 66270 ووٹ ملے۔ دونوں کے درمیان شکست و فتح کا فرق 2595 ووٹوں کا رہا۔ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ کانگریس امیدوار کو جیت حاصل ہوگی، لیکن آخر میں ہرندر سنگھ نے اپنی سبقت برقرار رکھی۔

مہندر گڑھ:

مہندر گڑھ اسمبلی سیٹ پر بھی اصل مقابلہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہی دیکھنے کو ملا۔ بی جے پی امیدوار کنور سنگھ (63036 ووٹ) نے کانگریس امیدوار راؤ دان سنگھ (60388 ووٹ) کو 2648 ووں کے فرق سے ہرایا۔ تیسرے مقام پر آزاد امیدوار سندیپ سنگھ رہے جنھوں نے 20 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔